ہائیکورٹ : مفرور ملزم کی گرفتاری تک قتل کا ٹرائل روکنا غیر قانونی قرار
غیر ضروری تاخیر منصفانہ ٹرائل کے آئینی حق کے منافی :جسٹس خالد ابن عزیز ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم ، حاضر ملزمان کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ کسی ایک ملزم کے مفرور ہونے پر پورے قتل کیس کی کارروائی اس کی گرفتاری تک غیر معینہ مدت کیلئے روکنا غیر قانونی ہے ، عدالت نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے حاضر ملزمان کے خلاف مقدمے کی کارروائی قانون کے مطابق جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد ابن عزیز نے مجرمانہ نظرثانی درخواست پر فیصلہ جاری کیا، درخواست گزار محمد عرفان نے ایڈیشنل سیشن جج منڈی بہاؤالدین کے 8 ستمبر 2025 کے حکم کو چیلنج کیا تھا، جس میں مرکزی ملزم ارسلان عرف چوچی شاہ کی گرفتاری تک قتل کیس کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی تھی۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار باقاعدگی سے عدالت پیش ہو رہا ہے، ٹرائل روکنے کا حکم کالعدم قرار دے کر حاضر ملزمان کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی جائے۔ جسٹس خالد ابن عزیز نے قرار دیا کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 344 کے تحت مقدمے کی سماعت ملتوی کرنے کا اختیار صرف معقول وجہ اور مناسب مدت کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے ،کسی مقدمے کو بغیر تاریخ مقرر کیے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنا قانون کے تحت قابل قبول نہیں،مفرور ملزم کی عدم موجودگی بذاتِ خود باقی حاضر ملزمان کے خلاف ٹرائل روکنے کا قانونی جواز نہیں بن سکتی،باقی ملزمان کے حقوق کو غیر معینہ مدت تک معطل نہیں رکھا جا سکتا۔
عدالت نے مزید قرار دیا کہ غیر ضروری تاخیر ملزم کو مسلسل غیر یقینی صورتحال میں رکھتی ہے اور یہ آئین کے آرٹیکل 10-A کے تحت منصفانہ ٹرائل اور قانونی عمل کے حق کے منافی ہے ، ہر ملزم کو یہ حق حاصل ہے کہ اس کے خلاف الزامات کا فیصلہ بلاوجہ تاخیر کے قانون کے مطابق کیا جائے ۔لاہور ہائیکورٹ نے درخواست منظور کرتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج منڈی بہاؤالدین کا 8 ستمبر 2025 کا حکم کالعدم قرار دے دیا اور ٹرائل کورٹ کو ہدایت کی کہ درخواست گزار اور دیگر حاضر ملزمان کے خلاف مقدمے کی کارروائی قانون کے مطابق جاری رکھی جائے اور مرکزی ملزم کی مفروری کو کارروائی روکنے کی بنیاد نہ بنایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments