فوڈ ایگ پاکستان 2026 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر
کاروباری روابط ، تزویراتی مذاکرات سے برآمدات کے نئے امکانات سامنے سرمایہ کاروں کی شرکت، تجارتی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر پیشرفت
کراچی(بزنس ڈیسک) فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش فوڈ ایگ پاکستان 2026چار روزہ کامیاب سرگرمیوں کے بعدکراچی ایکسپو سینٹر میں اختتام پذیر ہوگئی۔ نمائش کے دوران کاروباری روابط، بین الاقوامی شرکت، اعلیٰ سطح کے سفارتی تبادلے اور اہم تزویراتی مذاکرات کے ذریعے پاکستان کی عالمی تجارت اور برآمدی صلاحیت کو فروغ دینے کے نئے امکانات سامنے آئے ۔وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے نمائش کے دوران غیر ملکی وفود، کاروباری شخصیات اور صنعتی شعبے کے نمائندوں کے ساتھ حکومتی سطح پر روابط کی قیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے برآمدی منڈیوں میں توسیع، دوطرفہ شراکت داریوں کے استحکام اور پاکستان کو عالمی سطح پر غذائی و زرعی مصنوعات کے ایک مسابقتی فراہم کنندہ کے طور پر متعارف کرانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
نمائش کے دوران وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی خیل داس کوہستانی اور صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید محمد عاشق حسین کرمانی نے بھی 26 نومبر کو گلوبل کزن شو کا دورہ کیا۔ ان کی شرکت نے پاکستان کی غذائی و زرعی صلاحیتوں کے فروغ کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی، ثقافتی تبادلے اور صوبائی سطح پر باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔نمائش میں بین الاقوامی خریداروں، غیر ملکی وفود، برآمد کنندگان، سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں اور صنعت کے ممتاز نمائندوں نے شرکت کی۔ نمائش کے دوران اہم کاروباری ملاقاتیں ہوئیں، ممکنہ تجارتی معاہدوں پر پیشرفت ہوئی اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ۔ نمائش کا کامیاب انعقاد اور اختتام ٹڈاپ کی ان مسلسل کوششوں کا عکاس ہے جن کا مقصد پاکستانی کاروباری اداروں کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنااور برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی کے نئے راستے کھولنا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments