بھوکوں کے دیس میں چند نوالوں پر لپکتے،تڑپتے انسانوں کا سمندر
بھارتی ریاست بہار میں رکن اسمبلی چھوٹے سرکار کی بیٹی کے بیاہ پر لاکھوں افراد امڈ آئے ،10کلومیٹر تک ٹریفک جام ایک سیاستدان کو کھیتوں سے ٹریکٹر پر بیٹھ کر شادی میں پہنچنا پڑا،500باورچی، 150کھانے ،50لاکھ رس گلے گھوڑوں کی ریس منسوخ کرنا پڑی ،باہوبلی کے نام سے مشہور لیڈ ر نے گلے میں سانپ لپیٹ کر ٹیکس اہلکاروں کو بھگایا
پٹنہ (دنیا رپورٹ )بھارتی ریاست بہار کے بااثر سیاستدان اننت سنگھ المعروف ’چھوٹے سرکار‘کی بیٹی شیوانگی سنگھ کی شادی پورے برصغیر اور عالمی میڈیا میں اپنی غیر معمولی شان و شوکت، لاکھوں کے ہجوم اور انوکھے واقعات کی وجہ سے موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے ۔بھارت کی غریب ترین ریاستوں میں شمار ہونے والے صوبہ بہار کے ضلع پٹنہ کے آبائی گاؤں نادوان میں رکنِ اسمبلی اننت سنگھ کی بیٹی شیوانگی سنگھ کی شادی گزشتہ روز رشی کیش کمار کے ساتھ انجام پائی، مگر دولہا دلہن سے زیادہ اس تقریب کے انتظامات اور ہنگامہ خیز مناظر میڈیا کی زینت بنے رہے ۔
اننت سنگھ نے تقریب سے قبل ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ اس شادی کیلئے کسی دعوت نامے کی ضرورت نہیں، صرف بہار ہی نہیں بلکہ پورے بھارت اور پاکستان سے بھی۔ نتیجتاً تقریب میں گاؤں میں چار سے پانچ لاکھ افراد کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر امڈ آیا۔ اس قدر شدید رش کے باعث گاؤں کی جانب جانے والی تمام شاہراہوں پر تقریباً 10کلومیٹر طویل ٹریفک جام لگ گیا، اور نوبت یہاں تک آ پہنچی کہ ایک مقامی سیاستدان کو اپنی قیمتی گاڑی سڑک پر چھوڑ کر کھیتوں کے راستے ٹریکٹر پر بیٹھ کر شادی میں پہنچنا پڑا۔ لاکھوں مہمانوں کی تواضع کیلئے کسی ریاست کے بجٹ جتنے انتظامات کیے گئے تھے ، پانچ سو سے زائد ماہر باورچیوں کی فوج نے 150 سے زیادہ اقسام کے پکوان تیار کیے جن میں 50 لاکھ کے قریب رس گلے اور گلاب جامن شامل تھے ۔
تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کھانے کے وقت بدنظمی کے باعث پلیٹیں ہوا میں اچھالی گئیں اور مہمانوں کے درمیان کھانا حاصل کرنے کیلئے شدید دھکم پیل ہوتی رہی، حتیٰ کہ ایک ویڈیو میں پولیس اہلکار بھی مہمانوں کو کھانا تقسیم کرتے نظر آئے ۔ وی آئی پی مہمانوں اور سیاسی شخصیات کی آمد کیلئے گاؤں میں خصوصی طور پر 5 سے 6 عارضی ہیلی پیڈ بھی تعمیر کیے گئے تھے ۔ اس کے علاوہ شادی کی تقریبات میں 52 سے زائد گھوڑوں کی ایک خصوصی دوڑ بھی رکھی گئی تھی جس کے فاتح کیلئے مہندرا تھار جیسی قیمتی گاڑی کا انعام مقرر تھا، مگر ایک لاکھ کے قریب تماشائی ریس ٹریک پر گھس آئے اور سینکڑوں افراد منظر دیکھنے کیلئے درختوں اور ہائی وولٹیج بجلی کے کھمبوں پر چڑھ گئے ، جس کے باعث انتظامیہ کو عین وقت پر یہ گھڑ دوڑ منسوخ کرنی پڑی۔دولہا اور دلہن کی آمد بھی کسی شاہی جلوس سے کم نہ تھی، دلہن لگژری بی ایم ڈبلیو میں پہنچی جبکہ بارات200 گاڑیوں کے قافلے پر مشتمل تھی۔ اطلاعات کے مطابق دولہا کو تحفے میں کروڑوں روپے مالیت کی سفید لینڈ روور ڈیفنڈر دی گئی۔
ایک طرف جہاں اس تقریب کو بہار کی سب سے بڑی شاہی شادی قرار دیا جا رہا ہے ، وہیں سیاسی مخالفین نے اس پر کڑی تنقید کرتے ہوئے تحقیقاتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس بات کی جانچ کی جائے کہ غربت کے شکار صوبے میں اس شادی پر مبینہ طور پر خرچ ہونے والے 40 سے 80 کروڑ بھارتی روپے کہاں سے آئے ۔ دوسری جانب اننت سنگھ نے ان اخراجات کی تردید کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ تمام انتظامات میں ان کے دوستوں اور چاہنے والوں نے حصہ ڈالا ہے ۔ ’چھوٹے سرکار‘کے نام سے معروف اننت سنگھ کو اکثر ’باہوبلی‘ کہا جاتا ہے ۔سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں وہ اکثر اپنی مونچھوں کو تاؤ دیتے نظر آتے ہیں ۔مقامی لوگوں کے مطابق وہ عموماً 20 سے 25 گاڑیوں کے قافلے میں سفر کرتے ہیں۔ ایک موقع پر انہوں نے ٹیکس اہلکاروں کو، جو ان سے ملاقات کیلئے آئے تھے ، گلے میں زندہ سانپ لپیٹ کر واپس جانے پر مجبور کر دیا تھا۔ ان کیخلاف قتل، اقدامِ قتل، بھتہ خوری اور ہنگامہ آرائی جیسے سنگین جرائم کے مقدمات ہیں۔وہ کئی بار جیل جاچکے ہیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments