فضل الرحمن کا مزاحمتی بیانیہ حکومت کیلئے خطرے کی گھنٹی؟
شاہراہوں کی بندش کا سلسلہ بند نہ ہوا تو انتظامی مشینری کو گرین سگنل ملے گا
(تجزیہ:سلمان غنی)
سرگودھا میں اپنی پارٹی کے کنونشن میں شرکت سے روکنے پر جمعیت علما اسلام کی جانب سے اختیار کئے جانے والے احتجاجی عمل اور خصوصاً مولانا فضل الرحمن کی جانب سے اختیار کئے جانے والے مزاحمتی بیانیہ نے حکومت کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے ۔ملک بھر میں خصوصاً پنجاب میں موٹرویز اور بین الاضلاعی شاہراہوں کی بندش کے عمل نے صوبہ بھر میں غیر معمولی اور ہنگامی صورتحال طاری کر دی ہے ۔لاہور میں مذکورہ صورتحال کا آغاز اس وقت ہوا جب مولانا فضل الرحمن لاہور ہائی کورٹ بار کی دعوت پر لاہور پہنچے اور ان کی قیام گاہ کا محاصرہ ہوا،بعد ازاں اگلے روز انہوں نے سرگودھا جانے کی کوشش کی تو انہیں یہاں سے نکلنے پر روکا گیا جس پر مولانا فضل الرحمن نے اپنی تنظیموں کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دی ۔
دوسری جانب حکومت بڑی شاہراہوں کی بندش کے باوجود مولانا فضل الرحمن اور ان کی جماعت کے ساتھ نرمی اختیار کرتی نظر آئی اور اس کی بڑی وجہ یہ رہی کہ وہ ماضی میں حکومت کے اتحادی تھے ،ویسے بھی اگر فضل الرحمن کی سیاست کا جائزہ لیا جائے تو وہ کبھی ریاست کے خلاف سرگرم نہیں رہے بلکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انہوں نے ریاست کا ساتھ دیا اور اس بنا پر طالبان کی جانب سے انہیں ٹارگٹ بنانے کی کوشش بھی ہوئی ، ان پر حملے بھی ہوئے لیکن تلخی کا آغاز اس وقت ہوا جب مولانا فضل الرحمن کی جانب سے شہدا کے حوالے سے کنفیوژن طاری کرنے کی کوشش ہوئی ،لگتا ہے کہ اگر احتجاج اور خصوصاً شاہراہوں کی بندش کا سلسلہ بند نہیں ہوتا تو پھر انتظامی مشینری کو قانون کی حاکمیت قائم کرنے کے لئے گرین سگنل ملے گا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments