گہرہونے تک

گہرہونے تک

اسپیشل فیچر

تحریر : شوبزرپورٹر


رنگیلاکے چچا زاد بھائی طور گل خان کا پہلا انٹر ویو نشر کیا گیا رنگیلا پاراچنار میں پیدا ہوئے جسے تینوں اطراف سے افغانستان نے گھیر رکھا ہے ، وہ نو سال کی عمر میں پشاور منتقل ہو گئے’’دنیا نیوز‘‘ نے فن و ادب سے وابستہ معروف شخصیات کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے دستاویزی پروگرام ’’گہر ہونے تک ‘‘ کا آغاز کر دیا ۔پروگرام کا آغاز پاکستان فلم انڈسٹری کی تاریخ ساز شخصیت ’’رنگیلا ‘‘ کی زندگی پر بنائی گئی ڈاکو منٹری سے کیا گیا ۔ اس ڈاکومنٹری میں پہلی بار رنگیلا کے چچا زاد بھائی طور گل خان کا انٹر ویو نشر کیا ہے ۔چار دہائیوں سے زائد عرصہ تک نہ صرف فلم انڈسٹری بلکہ دلوں پر راج کرنے والے فنکار رنگیلا کی زندگی کے بہت سارے پہلوؤں سے ابھی تک ان کے مداح بے خبر ہیں ۔لوگ اس رنگیلا کو جانتے ہیں جس کے سکرین پر آتے ہی اداس چہروں پر ہنسی آجاتی تھی لیکن یہ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ساری زندگی لوگوں میں خوشیاں بانٹنے والے رنگیلا کو ذاتی زندگی میں کتنے مصائب دیکھنے پڑے ۔پارہ چنار میں پیدا ہونے والے سعید خان المعروف رنگیلا کو نو سال کی عمر میں یتیمی کی حالت میں اپنی بہن کے ہمراہ پشاور آنا پڑا جہاں انہوں نے ایک دور کے رشتہ دار کے ہاں قیام کیا ۔انہوں نے عملی زندگی کا آغاز ’’تاج کمپنی ‘‘ سے کیا اسی دوران انہیں دلیپ کمار کی فلم دیکھنے کا اتفاق ہوا اور انہوں نے فنکار بننے کے لئے لاہور کا رخ کیا ۔ رنگیلا پر فنکار بننے کا بھوت یوں سوار ہوا کہ ان کے پاس ٹکٹ خریدنے کے لئے پیسے نہیں تھے لیکن اس کے باوجود وہ ٹرین میں سوار ہو گئے ۔ اس دوران بڑا دلچسپ واقعہ پیش آیا کہ جب ٹکٹ چیکر ان کی طرف بڑھا تو انہوں نے فوراََ نماز کی نیت کر لی ،ٹکٹ چیکر جب دوسری بار آیا اور اس نے ٹکٹ کا مطالبہ کیا تو انہوں نے پاس بیٹھی خاتون کی ٹانگیں دبانا شروع کر دیں اور کہا کہ یہ میری ماں ہے میرا ٹکٹ یہ خریدے گی ۔ رنگیلا کی معصومیت دیکھ کر وہ عورت مسکرائی اور اس نے ٹکٹ چیکر کو کہا کہ ہاں یہ میرا بیٹا ہے اور اس نے رنگیلا کے ٹکٹ کے پیسے دے دئیے ۔لاہور پہنچ کر رنگیلا نے مصوری کا آغاز کیا اور فلموں کے بورڈ بنانے شروع کئے ساتھ ساتھ انہوں نے باڈی بلڈنگ بھی شروع کردی اور پہلوانی بھی ۔انہوں نے کشتی کے کئی مقابلے جیتے لیکن جب پہلی بار ’’بجلی پہلوان ‘‘ نے انہیں شکست دی تو انہوں نے پہلوانی چھوڑ دی ۔رنگیلا کی زندگی سے جڑا ایک اور دلچسپ واقعہ یہ ہے کہ انہوں نے باڈی بلڈنگ کے ایک مقابلے میں حصہ لیا جب وہ سٹیج پر پوزنگ کر رہے تھے تو دیکھنے والے نہ صرف تالیاں بجا رہے تھے بلکہ قہقہے بھی لگا رہے تھے ۔رنگیلا اس بات پر حیران تھے کہ ایسی کیا بات تھی جس پر لوگ قہقہے لگا رہے تھے جب انہیں احسا س ہوا کہ اس کی وجہ ان کی حرکات تھیں تو انہوں نے فوراََ فلم انڈسٹری کا رخ کیا ۔1957ء میں رنگیلا کو پہلی بار فلم ’’جٹی ‘‘ میں کام کرنے کا موقع ملا اور اسی سال انہیں ایک اور فلم ’’داتا‘‘ مل گئی ۔فلم ’’داتا‘‘ 1957میں ہی ریلیز ہو گئی جبکہ فلم ’’جٹی ‘‘ 1958میں ریلیز ہو ئی ۔ رنگیلا کا ابتدائی فلمی کیریئر سخت محنت اور جدوجہد سے بھرپور تھا اور انہوں نے 1957سے 1963تک فلموں میں چھوٹے موٹے کردار ادا کئے ۔1964میں ریلیز ہونے والی فلم ’’گہرا داغ ‘‘ میں پہلی بار رنگیلا کسی نمایاں کردار میں نظر آئے اور اسی سال ریلیز ہونے والی فلم ’’ہتھ جوڑی ‘‘ سے رنگیلا کو بریک تھرو ملا ۔فلم ’’ہتھ جوڑی ‘‘ سے ہی پاکستانی فلم انڈسٹری کو رنگیلا اور منور ظریف کی نایاب جوڑی ملی ۔ رنگیلا نے مقبولیت ملنے کے بعد صرف اداکاری پر ہی اکتفا نہیں کیا بلکہ فلم سے بطور ڈائریکٹر ،پروڈیوسر ، رائیٹر ،نغمہ نگار ،میوزک ڈائریکٹر اور گلوکار بھی اپنے فن کا لوہا منوایا ۔بطور ڈائریکٹر انہوں نے دل اور دنیا ، دیا اور طوفان جیسی کئی فلمیں فلموں بینوں کو پیش کیں ۔ رنگیلا دنیا کے واحد اداکار ہیں جن کے نام پر فلم ’’رنگیلا‘‘ بنائی گئی اس کے علاوہ ہی فلم میں سات کریڈٹ رکھنے کا اعزاز بھی رنگیلا کو ہی حاصل ہے۔رنگیلا کو یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ انہوں بہت سے نئے اداکاروں کو نہ صرف کام کرنے کاموقع دیا بلکہ سٹار بھی بنایا ۔٭٭٭

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
عالمی یومِ سماجی خدمت

عالمی یومِ سماجی خدمت

معاشرتی بہتری میں سماجی کارکنوں کا کرداردنیا بھر میں ہر سال مارچ کے تیسرے ہفتے میں ورلڈ سوشل ورک ڈے منایا جاتا ہے۔ اس سال یہ دن 17 مارچ کو منایا جا رہا ہے۔ اس دن کا بنیادی مقصد سماجی کارکنوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور معاشرے میں انسانی ہمدردی، سماجی انصاف اور باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ سماجی کارکن وہ افراد ہوتے ہیں جو معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کی مدد کے لیے عملی اقدامات کرتے ہیں اور انہیں بنیادی حقوق اور بہتر زندگی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے جدوجہد کرتے ہیں۔پاکستان جیسے ترقی پذیر ملکوں میں سماجی خدمت کی اہمیت اور بھی زیادہ بڑھ جاتی ہے۔پاکستان کی آبادی کا ایک بڑا حصہ غربت، بے روزگاری، تعلیم کی کمی، صحت کی سہولیات کی قلت اور دیگر سماجی مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔ ایسے حالات میں سماجی کارکن معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان رابطے کا کردار ادا کرتے ہیں اور ضرورت مند افراد تک مدد پہنچانے کے لیے مختلف اداروں اور تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں۔پاکستان میں سماجی خدمت کا تصور نیا نہیں بلکہ اس کی جڑیں ہماری مذہبی اور ثقافتی روایات میں موجود ہیں۔ اسلام میں انسانیت کی خدمت کو بہت بڑی نیکی قرار دیا گیا ہے۔ زکوٰۃ، صدقات اور فلاحی سرگرمیوں کی صورت میں پاکستانی معاشرے میں مدد اور تعاون کی روایت ہمیشہ سے موجود رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ملک میں سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ غیر سرکاری تنظیمیں بھی سماجی خدمات کے میدان میں سرگرم ہیں۔پاکستان میں کئی معروف سماجی اور فلاحی تنظیمیں مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ یہ تنظیمیں غریب اور نادار افراد کو طبی سہولیات، تعلیم، خوراک اور مالی مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات کے دوران بھی امدادی سرگرمیوں میں پیش پیش رہتی ہیں۔ ان اداروں کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ سماجی خدمت کے جذبے کے ساتھ اگر منظم انداز میں کام کیا جائے تو معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔پاکستان میں سماجی کارکنوں کو کئی چیلنجز کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وسائل کی کمی، بڑھتی ہوئی آبادی، قدرتی آفات اور بعض علاقوں میں سماجی مسائل کی پیچیدگی ان کے کام کو مشکل بنا دیتی ہے۔ اس کے علاوہ پیشہ ورانہ تربیت اور حکومتی سطح پر مضبوط پالیسیوں کی کمی بھی سماجی شعبے کی ترقی میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔ اس کے باوجود ہزاروں سماجی کارکن خاموشی سے خدمات انجام دے رہے ہیں اور معاشرے کے کمزور طبقات کے لیے امید کی کرن بنے ہوئے ہیں۔عالمی یومِ سماجی خدمت ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم سماجی کارکنوں کی خدمات کو سراہیں اور ان کے کام کی اہمیت کو تسلیم کریں۔ یہ دن اس بات کی بھی یاد دہانی کراتا ہے کہ معاشرے کی بہتری صرف حکومت یا چند اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر فرد کو اپنی سطح پر کردار ادا کرنا چاہیے۔ اگر ہر شخص اپنے اردگرد موجود ضرورت مند افراد کی مدد کرے اور سماجی مسائل کے حل میں حصہ لے تو معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔پاکستان میں نوجوان آبادی کا سب سے بڑا حصہ ہیں، اگر انہیں سماجی خدمت کی طرف راغب کیا جائے تو یہ ملک کے لیے ایک بڑی طاقت ثابت ہو سکتی ہے۔ تعلیمی اداروں میں رضاکارانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا، کمیونٹی سروس کے پروگرام متعارف کرانا اور سماجی شعور بیدار کرنا اس سلسلے میں اہم اقدامات ہو سکتے ہیں۔ اس طرح نوجوان نسل نہ صرف معاشرے کے مسائل کو بہتر انداز میں سمجھ سکے گی بلکہ ان کے حل میں عملی کردار بھی ادا کرے گی۔ سماجی خدمت دراصل انسانیت کی خدمت ہے۔ پاکستان جیسے معاشرے میں جہاں بہت سے لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، وہاں سماجی کارکنوں کی خدمات بے حد قیمتی ہیں۔ عالمی یومِ سماجی خدمت ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہمدردی، تعاون اور سماجی انصاف کے اصولوں کو فروغ دے کر ہم ایک زیادہ منصفانہ اور خوشحال معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔

رمضان کےمشروب و پکوان

رمضان کےمشروب و پکوان

چکن قیمہ کچوریاجزا:میدہ: 2 کپ،گھی یاتیل: 3،4 کھانے کے چمچ،نمک: آدھا چائے کا چمچ،چکن کا قیمہ: 250 گرام،پیاز (باریک کٹی ہوئی): 1 عدد،ادرک لہسن پیسٹ: ایک چائے کا چمچ،لال مرچ (پسی ہوئی): ایک چائے کا چمچ،زیرہ، دھنیا (بھنا اور کٹا ہوا): ایک چائے کا چمچ،ہرا دھنیا،ہری مرچ: حسب ذائقہ،تیل: فرائی کے لیےترکیب: میدے میں گھی اور نمک ملا کر اچھی طرح مکس کریں، سخت آٹا گوندھ کر 30 منٹ کے لیے ڈھانپ دیں۔ پین میں تیل گرم کر کے پیاز اور ادرک لہسن بھونیں۔ قیمہ اور تمام مصالحے ڈال کر قیمہ گلنے تک پکائیں۔ آخر میں ہرا دھنیا ڈال کر ٹھنڈا کر لیں۔ گوندھے ہوئے آٹے کے پیڑے بنائیں، انہیں بیلن سے بیلیں، درمیان میں فلنگ بھریں اور کناروں کو اچھی طرح بند کر دیں۔ کڑاہی میں درمیانی آنچ پر تیل گرم کریں اور کچوریوں کو ہلکی آنچ پر سنہری ہونے تک تل لیں۔منٹ مارگریٹااجزا :تازہ پودینہ ایک چھوٹی گٹھی،لیموں کا رس : چار چائے کے چمچ ، کالا نمک : حسبِ ذائقہ،چینی : چھ چائے کے چمچ ( حسبِ ذائقہ زیادہ یا کم بھی کی جاسکتی ہے)،سیون اپ یا سپرائٹ : تین گلاس،برف (چھوٹی ٹکڑیوں کی صورت میں ضرورت کے مطابق)۔ترکیب: پودینے کے پتے الگ کر لیںاور انہیں اچھی طرح دھو لیں۔ پھر بلینڈر میں پودینے کے پتے، لیموں کا رس، چینی اور برف ڈال دیں اور اچھی طرح بلینڈکر لیں۔ جب پودینہ بالکل باریک ہو جائے تو بلینڈر میں تین گلاس سیون اپ یا سپرائٹ جو بھی ہے ڈال کر دوبارہ بلینڈ کر لیں۔تقریباًچار گلاس منٹ مارگریٹا تیار ہے۔

آج کا دن

آج کا دن

سینٹ پیٹرک ڈے17 مارچ کو منایا جانے والا سینٹ پیٹرک ڈے آئرلینڈ کے سینٹ پیٹرک کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ روایت کے مطابق سینٹ پیٹرک کا انتقال 17 مارچ 461ء کو ہوا تھا اور اسی نسبت سے یہ دن ان کے نام سے منسوب ہو گیا۔ یہ دن صرف ایک مذہبی یادگار تک محدود نہیں رہا بلکہ آئرلینڈ کی قومی اور ثقافتی شناخت کی علامت بن گیا۔ اس دن آئرلینڈ میں جلوس، مذہبی تقریبات اور ثقافتی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔ لوگ سبز لباس پہنتے ہیں جو آئرلینڈ کی علامتی رنگت ہے۔ اٹلی کے اتحاد کا اعلان17 مارچ 1861ء کو متحدہ اٹلی کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ اس دن ساردینیا کے بادشاہ وکٹر ایمانوئل دوم کو متحدہ اٹلی کا بادشاہ تسلیم کر لیا گیا اور ایک نئی قومی ریاست وجود میں آئی۔انیسویں صدی کے آغاز تک اٹلی کئی چھوٹی ریاستوں میں تقسیم تھا۔ اس صورتحال نے اطالوی قوم پرست رہنماؤں کو متحدہ اٹلی کے قیام کی تحریک شروع کرنے پر مجبور کیا۔ اس تحریک کو ریسورجیمنٹو کہا جاتا ہے۔17 مارچ 1861ء کو اطالوی پارلیمنٹ نے متحدہ مملکتِ اٹلی کے قیام کا اعلان کیا۔ اگرچہ روم اور وینس بعد میں اس ریاست کا حصہ بنے لیکن یہ دن اطالوی اتحاد کی بنیاد سمجھا جاتا ہے۔ چین میں ثقافتی انقلاب 17 مارچ 1966ء کو چین میں ایک سیاسی مہم کا آغاز ہوا جسے بعد میں ثقافتی انقلاب کے ابتدائی مرحلے کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ یہ تحریک چینی رہنما ماؤ زے تنگ کی قیادت میں شروع ہوئی اور اس کا مقصد کمیونسٹ نظریات کو مزید مضبوط بنانا اور پارٹی کے اندر موجود مخالف عناصر کو ختم کرنا تھا۔اس تحریک کے دوران چینی معاشرے میں بڑی تبدیلیاں آئیں۔ثقافتی انقلاب تقریباً ایک دہائی تک جاری رہا اور اس نے چین کی سیاست، تعلیم اور معاشرت پر گہرے اثرات مرتب کیے ، چین کی معیشت اور سماجی ڈھانچے میں بھی بڑی تبدیلیاں آئیں۔ دلائی لامہ کی منتقلی 17 مارچ 1959ء کو تبت کی تاریخ میں ایک اہم موڑ آیا جب تبت کے روحانی پیشوا دلائی لامہ نے دارالحکومت لہاسا چھوڑ دیا۔چین نے 1950ء میں تبت پرکنٹرول قائم کیا تھا لیکن تبتی عوام اور مذہبی قیادت اس صورتحال سے مطمئن نہیں تھی۔ مارچ 1959ء میں لہاسا میں بڑے پیمانے پر احتجاج شروع ہوا ۔ اسی وجہ سے 17 مارچ کو انہوں نے خفیہ طور پر لہاسا چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ وہ اپنے قریبی ساتھیوں کے ساتھ دشوار گزار پہاڑی راستوں سے سفر کرتے ہوئے چند دن بعد بھارت پہنچ گئے۔ مصر اسرائیل امن معاہدہ17 مارچ 1979ء کو اسرائیل کی پارلیمنٹ نے مصر کے ساتھ امن معاہدے کی منظوری دی۔یہ معاہدہ امریکی صدر جمی کارٹر کی ثالثی میں ہونے والے کیمپ ڈیوڈ مذاکرات کا نتیجہ تھا۔ مصر کے صدر انور سادات اور اسرائیل کے وزیر اعظم بیگن نے مذاکرات کے بعد امن معاہدے پر اتفاق کیا۔اسرائیلی پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد 26 مارچ 1979ء کو واشنگٹن میں اس معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

مسجد گوہر شاہ: تیموری عہد کا عظیم شاہکار

مسجد گوہر شاہ: تیموری عہد کا عظیم شاہکار

ایران کے شہرمشہد میں واقع مسجد گوہر شاہ اسلامی فن تعمیر، روحانیت اور تاریخ کا ایک شاندار سنگم ہے۔ یہ عظیم الشان مسجد دراصل امام رضا کے روضہ مبارک کے وسیع و عریض احاطے میں واقع ہے اور اسے خطے کی اہم ترین مذہبی اور تاریخی عمارتوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس مسجد کی تعمیر 15ویں صدی میں تیموری سلطنت کے دور میں ہوئی اور اس کی بنیاد تیموری فرمانروا شاہ رخ کی اہلیہ بیگم گوہر شاہ نے رکھی تھی، جن کے نام پر اس مسجد کو گوہر شاہ یا گوہرشاد مسجد کہا جاتا ہے۔گوہرشاہ بیگم اپنے دور کی نہایت بااثر اور صاحب ذوق خاتون تھیں۔ انہوں نے 1418ء میں اس مسجد کی تعمیر کا حکم دیا تاکہ زائرین حرم کو عبادت کیلئے ایک وسیع اور خوبصورت مقام میسر آسکے۔ اس مسجد کی تعمیر کیلئے اس دور کے ممتاز معمار شیرازی کی خدمات حاصل کی گئیں۔ استاد شیرازی کی زیر نگرانی یہ مسجد بارہ سال میں مکمل ہوئی۔ مسجد سمر قندی طرز تعمیر سے تیار کی گئی۔تیموری دور اسلامی فن تعمیر کے عروج کا زمانہ تھا، چنانچہ مسجد کی تعمیر میں اس دور کی جمالیاتی روایات پوری آب و تاب کے ساتھ نمایاں نظر آتی ہیں۔ خط کوفی میں قرآنی آیات اتنی خوشخطی سے تحریر کی گئی ہیں کہ چھ صدیاں گزرنے کے بعد بھی زمانے کے حوادث ان کی آب و تاب میں سرموفرق نہیں لا سکے۔ گوہر شاہ مسجد کا فن تعمیر اپنی دلکشی اور نفاست کے باعث بے مثال سمجھا جاتا ہے۔ مسجد کا وسیع صحن، بلند و بالا ایوان، دلکش گنبد اور باریک و نفیس نیلی ٹائلوں کی آرائش دیکھنے والوں کو مسحور کر دیتی ہے۔ پیازی طرز کا گنبد مسجد کی شان ہے۔ گنبد کا رنگ فیروزی ہے، مسجد کا کل رقبہ 101292مربع فٹ ہے اور صحن 180فٹ لمبا اور 160فٹ چوڑا ہے۔ مسجد کے صحن میں سنگ مر مر استعمال کیا گیا ہے صحن کے تینوں اطراف میں برآمدے بنائے گئے ہیں۔ مسجد کے دو مینار ہیں جو 131فٹ بلند ہیں۔ گنبد کا قطر49فٹ اور اس کا محیط207فٹ ہے صحن سے مسجد کے اندر ہال میں داخل ہونے کیلئے نو محرابی دروازے ہیں۔ گنبد کی ایک خاص بات یہ ہے کہ یہ دہری تہہ میں بنایا گیا ہے۔ مسجد کی تعمیر میں سرخ اینٹوں، ٹائلوں اور سنگ مر مر کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس مسجد کے چار بڑے ایوان ہیں جو ایرانی طرزِ تعمیر کی کلاسیکی روایت کی عکاسی کرتے ہیں۔ مسجد کے گنبد اور دیواروں پر بنے نقش و نگار، قرآنی آیات اور خطاطی کے نمونے اسلامی فنونِ لطیفہ کی اعلیٰ مثالیں پیش کرتے ہیں۔اس کے علاوہ مسجد کے اندرونی حصے میں موجود محراب اور منبر بھی نہایت خوبصورتی سے آراستہ ہیں۔ مسجد کا منبر اخروٹ کی لکڑی سے تیار کیا گیا ہے۔ منبر کی تیاری میں کہیں بھی لوہے کی میخ کا استعمال نہیں کیا گیا۔ رنگین ٹائلوں، جیومیٹرک نقشوں اور نفیس خطاطی کے امتزاج نے اس مسجد کو فن تعمیر کا ایک زندہ عجائب گھر بنا دیا ہے۔چونکہ یہ مسجد امام رضا کے روضہ مبارک کے قریب واقع ہے، اس لیے یہاں دنیا بھر سے آنے والے زائرین بڑی تعداد میں نماز اور عبادت کیلئے حاضر ہوتے ہیں۔ صدیوں سے یہ مسجد نہ صرف عبادت کا مرکز رہی ہے بلکہ اسلامی ثقافت، تعلیم اور روحانی اجتماع کا بھی اہم مقام رہی ہے۔ رمضان المبارک، محرم اور دیگر مذہبی مواقع پر یہاں خصوصی اجتماعات اور عبادات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔مسجد کے ہال میں ہاتھ سے تیار کردہ خوبصورت ایرانی قالین بچھائے گئے ہیں۔ مسجد سے ملحق ایک بڑی لائبریری ہے جس میں 35ہزار کتب رکھی گئی ہیں۔ تاریخ کے مختلف ادوار میں یہ مسجد زلزلوں اور بعض سیاسی ہنگاموں سے متاثر بھی ہوئی، تاہم ہر بار اس کی مرمت اور بحالی کا کام کیا گیا۔ ایرانی حکومت اور مذہبی اداروں نے اس تاریخی ورثے کو محفوظ رکھنے کیلئے مسلسل اقدامات کیے ہیں تاکہ یہ آئندہ نسلوں کیلئے بھی باقی رہے۔ صفوی حکمران شاہ عباس نے مسجد گوہر شاہ کی مرمت اور تزئین و آرائش پر خاص توجہ دی۔1803ء میں زلزلے نے اس مسجد کے کچھ حصے کو نقصان پہنچایا جس کی بعد میں مرمت کر دی گئی۔مسجد گوہر شاہ نہ صرف ایک عبادت گاہ ہے بلکہ اسلامی تہذیب، فن تعمیر اور روحانی روایت کی عظیم علامت بھی ہے۔ اس کی دلکش عمارت، تاریخی پس منظر اور مذہبی اہمیت اسے عالم اسلام کی ممتاز مساجد میں شامل کرتی ہے۔ آج بھی جب زائرین اس مسجد کے صحن میں داخل ہوتے ہیں تو انہیں تاریخ، روحانیت اور فن کے حسین امتزاج کا دلنشیں منظر دیکھنے کو ملتا ہے۔

رمضان کے پکوان

رمضان کے پکوان

ڈیٹ ڈئیلائٹ اجزاء :کھجوریں دو پیالی( درمیان میں سے گٹھلی نکال کر گودا بنالیں) ۔ میری بسکٹ ایک پیکٹ، ناریل گری آدھی پیالی ،چینی آدھی پیالی، فریش کریم ایک پیالی۔ مارجرین چار کھانے کے چمچترکیب :سب سے پہلے ایک دیگچی میں مارجرین کو ہلکا سا گرم کریں، پھر اس میں کھجوروں کا گودا ڈال کر ہلکا سا بھون لیں۔ تاکہ اچھاسا پیسٹ بن جائے پھر شکر اور ناریل کی گری ڈال کر پانچ سے دس منٹ تک بھونیں بسکٹ کو توڑ کر چورا کرلیں پھر سب چیزوں کے ساتھ بسکٹ بھی ڈال دیں۔ دوتین منٹ بھون کر ایک تھالی میں ذرا سی چکنائی لگاکر کھجور اور بسکٹ کے آمیزے کو پھیلا کر رکھ دیں۔ ٹھنڈا ہونے دیں فریش کریم کو خوب پھینٹیں، جب وہ گاڑھی ہو جائے تو اس کے اوپر ڈال دیں، چوکور ٹکڑے کاٹ کر پیش کریں۔ نوٹ:یہ ڈش چار سے چھ افراد کے لیے کافی ہے۔ منچ ویج کباباجزاء : قیمہ آدھا کلو،شملہ مرچ ایک عدد ، گاجر ایک عدد، آلو 3 عدد، نمک ایک ٹیبل سپون، کالی مرچ ایک ٹیبل سپون،کٹی لال مرچ ایک ٹیبل سپون، لہسن ادرک 2 ٹیبل سپون، انڈا ایک عدد ، ڈبل روٹی کا چور آدھا کپترکیب:آلو ابال کر میش کرلیں۔گاجر کو بھی باریک چوپ کر کے ابال لیں۔شملہ مرچ کو بھی باریک کٹ لگا لیں۔اب تما م سبزیوں میں سارے مصالحے ڈا ل کر مکس کریں۔انڈا اور چورا ڈال کر مکس کریں اور کباب بنا کر پیش کریں۔

آج کا دن

آج کا دن

کرائسٹ چرچ حملہ15مارچ 2019ء کو کرائسٹ چرچ نیوزی لینڈ کی ایک مسجد میں دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا۔ دہشت گرد مسجد النور میں دوپہر 1بجکر 40منٹ پر داخل ہوا اور اندھادھند فائرنگ شروع کر دی۔ کچھ لوگ نماز پڑھ کر فارغ ہو چکے تھے جبکہ کچھ نماز پڑھ رہے تھے۔ حملہ آور مسجد سے گزرتا ہوا اسلامک سینٹر میں داخل ہوا۔ اس نے وہاں بھی فائرنگ جاری رکھی اور یہ سلسلہ1بجکر52منٹ تک چلتا رہا۔ اس قتل عام میں 51افراد شہید جبکہ40افراد زخمی ہوئے۔ یہ واقع اسی اسلاموفوبیا کا نتیجہ تھا جو مسلمانوں اور اسلام کے خلاف مغربی میڈیا کی جانب سے پھیلایا جاتا تھا۔خواتین کی پہلی بوٹ ریسخواتین کی بوٹ ریس کا ہر سال انعقاد کیا جاتا ہے۔ پہلی مرتبہ یہ ریس آکسفورڈ یونیورسٹی وومن بوٹ کلب اور کیمبرج یونیورسٹی بوٹ کلب کے درمیان15مارچ1927ء میں ہوئی۔ 1964ء کے بعد سے اب تک اس ریس کا ہر سال انعقاد کیا جاتا ہے جس میں دونوں یونیورسٹیوں کی طالبات شریک ہوتی ہیں۔ یہ ریس لندن میں موجود دریائے تھامس میں پٹنی سے مورٹ لیک تک کھیلی جاتی ہے اور اس کا کل فاصلہ4.2میل ہے۔دُنیا کا پہلا ٹیسٹ میچآسٹریلیا اور برطانیہ کے درمیان کرکٹ کی تاریخ کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا گیا۔1876ء میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دورے کوفرسٹ کلاس کرکٹ کا پہلا آفیشل دورہ بھی مانا جاتا ہے۔ اس سے قبل بھی برطانیہ کی کالونیاں آپس میں کرکٹ دورے کرتی تھیں لیکن 1876ء میں ہونے والے دورے کوآفیشل ہونے کی وجہ سے زیادہ شہرت حاصل ہوئی۔ اسی دورے کے دوران برطانیہ اور آسٹریلیا کے درمیان میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں دنیا کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا گیا۔فن لینڈ میں خانہ جنگی1918ء کو فن لینڈ میں شروع ہونے والی خانہ جنگی نے شدت اختیار کر لی اور آج کے دن ٹیمپیر کے مقام پر ایک نئی جنگ کا آغاز ہوا۔ یہ جنگ فن لینڈ کے دو گروہوں کے درمیان لڑی گئی اور 6اپریل تک جاری رہی۔ٹیمپیر کے مقام پر ہونے والی اس جنگ میں بہت زیادہ خون بہایا گیا ، فن لینڈ کی تاریخ میں اسے آج بھی بطور سیاہ دن یاد کیا جاتا ہے۔اس خوفناک لڑائی میں تقریباً30ہزار افراد نے حصہ لیا۔