آج کا دن
اسپیشل فیچر
سینٹ پیٹرک ڈے
17 مارچ کو منایا جانے والا سینٹ پیٹرک ڈے آئرلینڈ کے سینٹ پیٹرک کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ روایت کے مطابق سینٹ پیٹرک کا انتقال 17 مارچ 461ء کو ہوا تھا اور اسی نسبت سے یہ دن ان کے نام سے منسوب ہو گیا۔ یہ دن صرف ایک مذہبی یادگار تک محدود نہیں رہا بلکہ آئرلینڈ کی قومی اور ثقافتی شناخت کی علامت بن گیا۔ اس دن آئرلینڈ میں جلوس، مذہبی تقریبات اور ثقافتی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔ لوگ سبز لباس پہنتے ہیں جو آئرلینڈ کی علامتی رنگت ہے۔
اٹلی کے اتحاد کا اعلان
17 مارچ 1861ء کو متحدہ اٹلی کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ اس دن ساردینیا کے بادشاہ وکٹر ایمانوئل دوم کو متحدہ اٹلی کا بادشاہ تسلیم کر لیا گیا اور ایک نئی قومی ریاست وجود میں آئی۔انیسویں صدی کے آغاز تک اٹلی کئی چھوٹی ریاستوں میں تقسیم تھا۔ اس صورتحال نے اطالوی قوم پرست رہنماؤں کو متحدہ اٹلی کے قیام کی تحریک شروع کرنے پر مجبور کیا۔ اس تحریک کو ریسورجیمنٹو کہا جاتا ہے۔17 مارچ 1861ء کو اطالوی پارلیمنٹ نے متحدہ مملکتِ اٹلی کے قیام کا اعلان کیا۔ اگرچہ روم اور وینس بعد میں اس ریاست کا حصہ بنے لیکن یہ دن اطالوی اتحاد کی بنیاد سمجھا جاتا ہے۔
چین میں ثقافتی انقلاب
17 مارچ 1966ء کو چین میں ایک سیاسی مہم کا آغاز ہوا جسے بعد میں ثقافتی انقلاب کے ابتدائی مرحلے کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ یہ تحریک چینی رہنما ماؤ زے تنگ کی قیادت میں شروع ہوئی اور اس کا مقصد کمیونسٹ نظریات کو مزید مضبوط بنانا اور پارٹی کے اندر موجود مخالف عناصر کو ختم کرنا تھا۔اس تحریک کے دوران چینی معاشرے میں بڑی تبدیلیاں آئیں۔ثقافتی انقلاب تقریباً ایک دہائی تک جاری رہا اور اس نے چین کی سیاست، تعلیم اور معاشرت پر گہرے اثرات مرتب کیے ، چین کی معیشت اور سماجی ڈھانچے میں بھی بڑی تبدیلیاں آئیں۔
دلائی لامہ کی منتقلی
17 مارچ 1959ء کو تبت کی تاریخ میں ایک اہم موڑ آیا جب تبت کے روحانی پیشوا دلائی لامہ نے دارالحکومت لہاسا چھوڑ دیا۔چین نے 1950ء میں تبت پرکنٹرول قائم کیا تھا لیکن تبتی عوام اور مذہبی قیادت اس صورتحال سے مطمئن نہیں تھی۔ مارچ 1959ء میں لہاسا میں بڑے پیمانے پر احتجاج شروع ہوا ۔ اسی وجہ سے 17 مارچ کو انہوں نے خفیہ طور پر لہاسا چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ وہ اپنے قریبی ساتھیوں کے ساتھ دشوار گزار پہاڑی راستوں سے سفر کرتے ہوئے چند دن بعد بھارت پہنچ گئے۔
مصر اسرائیل امن معاہدہ
17 مارچ 1979ء کو اسرائیل کی پارلیمنٹ نے مصر کے ساتھ امن معاہدے کی منظوری دی۔یہ معاہدہ امریکی صدر جمی کارٹر کی ثالثی میں ہونے والے کیمپ ڈیوڈ مذاکرات کا نتیجہ تھا۔ مصر کے صدر انور سادات اور اسرائیل کے وزیر اعظم بیگن نے مذاکرات کے بعد امن معاہدے پر اتفاق کیا۔اسرائیلی پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد 26 مارچ 1979ء کو واشنگٹن میں اس معاہدے پر دستخط کیے گئے۔