آج کا دن
اسپیشل فیچر
ٹائی ٹینک کا حادثہ
14 اپریل 1912ء کی رات برطانوی بحری جہازٹائی ٹینک شمالی بحرِ اوقیانوس میں ایک برفانی تودے سے ٹکرا گیا۔ یہ جہاز اپنے پہلے ہی سفر پر ساؤتھمپٹن سے نیویارک جا رہا تھا۔14 اپریل کی رات جہاز ایک بڑے آئس برگ سے ٹکرا گیا۔ اگرچہ ٹکر معمولی محسوس ہوئی مگر اس نے جہاز کے نچلے حصے میں شگاف ڈال دیا جس سے پانی تیزی سے اندر داخل ہونے لگا۔ اس حادثے میں تقریباً 1500 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔
ابراہم لنکن پر قاتلانہ حملہ
14 اپریل 1865 کو امریکی صدر ابراہم لنکن کو واشنگٹن ڈی سی میں واقع فورڈ تھیٹر میں گولی مار دی گئی۔ لنکن امریکہ کے 16ویں صدر تھے اور انہوں نے امریکی خانہ جنگی کے دوران اتحاد کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔یہ حملہ جان ولکس بوتھ نامی ایک اداکار نے کیا جو جنوبی ریاستوں کا حامی تھا اور لنکن کی پالیسیوں سے اختلاف رکھتا تھا۔ لنکن اپنی اہلیہ کے ساتھ ایک ڈرامہ دیکھ رہے تھے جب بوتھ نے پیچھے سے آ کر ان کے سر میں گولی ماری۔
سپیس شٹل کولمبیا کی واپسی
14 اپریل 1981ء کو کولمبیا سپیس شٹل نے اپنا پہلا کامیاب مشن مکمل کرتے ہوئے زمین پر واپسی کی۔ یہ مشن ناسا کے سپیس شٹل پروگرام کا آغاز تھا جس نے خلائی تحقیق میں ایک نئے دور کا آغاز کیا۔یہ مشن 12 اپریل کو لانچ کیا گیا تھا اور اس میں دو خلا باز شامل تھے۔ کولمبیا پہلا ایسا خلائی جہاز تھا جو دوبارہ استعمال کے قابل تھا، جس نے خلائی سفر کو زیادہ مؤثر اور کم خرچ بنانے میں مدد دی۔14 اپریل کو اس کی کامیاب لینڈنگ نے یہ ثابت کیا کہ سپیس شٹل پروگرام عملی طور پر کامیاب ہو سکتا ہے۔ اس کامیابی نے بعد میں ہونے والے درجنوں خلائی مشنز کی راہ ہموار کی
انسانی جینوم منصوبہ
14 اپریل 2003ء کو سائنس کی دنیا میں ایک تاریخی سنگِ میل عبور کیا گیا جب ہیومن جینوم پراجیکٹ کی کامیاب تکمیل کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ یہ منصوبہ 1990 ء میں شروع ہوا تھا اور اس کا مقصد انسانی ڈی این اے کے مکمل نقشے کو سمجھنا تھا۔ ہیومن جینوم پروجیکٹ کی تکمیل نے طب، حیاتیات اور جینیاتی تحقیق میں انقلاب برپا کر دیا۔ اس کے ذریعے سائنسدانوں کو یہ سمجھنے میں مدد ملی کہ انسانی جسم میں موجود جینز کیسے کام کرتے ہیں اور مختلف بیماریوں جیسے کینسر، ذیابیطس اور موروثی امراض کی وجوہات کیا ہیں۔اس کامیابی کے بعد بائیوٹیکنالوجی کے میدان میں تیزی سے ترقی ہوئی۔
وبیسٹر ڈکشنری
14اپریل 1828ء کو امریکی ماہرِ لسانیات نوح وبیسٹر نے اپنی مشہور ڈکشنری کا پہلا ایڈیشن شائع کیا جو امریکی انگریزی زبان کی تاریخ میں ایک سنگِ میل ثابت ہوا۔ویبسٹر کا مقصد ایک لغت مرتب کرنا ہی نہیں تھا بلکہ وہ امریکی انگریزی کو برطانوی اثر سے الگ ایک خودمختار شناخت دینا چاہتے تھے۔ اسی لیے انہوں نے کئی الفاظ کے سپیلنگ میں تبدیلیاں متعارف کروائیں۔یہ ڈکشنری نہ صرف زبان کے معیار کو متعین کرنے میں مددگار ثابت ہوئی بلکہ اس نے امریکی ثقافت اور تعلیمی نظام پر بھی گہرا اثر ڈالا۔ آج بھی ویبسٹر کا نام لغات کے حوالے سے ایک مستند حوالہ سمجھا جاتا ہے۔