حیرت انگیز نقشہ، زمین کے حیران کن انکشافات
اسپیشل فیچر
دنیا کے وہ شہر جو فاصلے میں دور مگرایک ہی لائن(عرض بلد) پر واقع ہیں
دنیا کے مختلف شہر اگرچہ اپنی ثقافت، موسم اور طرزِ زندگی میں ایک دوسرے سے بہت مختلف نظر آتے ہیں، لیکن حیرت انگیز طور پر کچھ شہر جغرافیائی طور پر ایک ہی عرضِ بلد (Latitude) پر واقع ہوتے ہیں۔ جدید نقشہ جات اور سا ئنسی تحقیق یہ دلچسپ حقیقت سامنے لائی ہے کہ بظاہر دور دکھائی دینے والے شہر دراصل زمین کے ایک ہی فرضی خط پر موجود ہیں۔ مثال کے طور پر نیویارک اور میڈرڈ جیسے بڑے شہر ایک ہی عرضِ بلد پر واقع ہیں، جس سے ان کے موسم اور دن رات کے اوقات میں کئی مماثلتیں پائی جاتی ہیں۔ یہ انکشاف جغرافیہ اور انسانی رہائش کے درمیان تعلق کو سمجھنے کیلئے نہایت اہمیت رکھتا ہے۔
ہم میں سے زیادہ تر لوگ اپنے آبائی شہر کو نقشے پر آسانی سے تلاش کر سکتے ہیں لیکن کیا کبھی آپ نے سوچا ہے کہ دنیا کے کونسے شہر اسی عرضِ بلد پر واقع ہیں؟ ایک نیا انٹر ایکٹونقشہ: (vicnaum.github.io/parallel-cities) یہ دلچسپ امکان فراہم کرتا ہے کہ آپ دیکھ سکیں کہ دنیا بھر میں آپ کے شہر کے برابر کون کونسے مقامات موجود ہیں۔اس نقشے کے مطابق لاہور، شنگھائی اور قاہرہ31° شمالی عرضِ بلد پر واقع ہیں، جبکہ کراچی اور تائیوان کا دارالحکومت تے پائی 25.1° شمالی عرضِ بلد پر ایک ہی خط میں آتے ہیں۔اسی طرح نیویارک اور میڈرڈ 40.9° شمالی عرضِ بلد پر موجود ہیں، جن کے ساتھ نیپلز، استنبول اور بیجنگ بھی اسی لائن میں شامل ہیں۔جنوبی نصف کرے میں بوئنوس آئرس اور پرتھ 32.2° جنوبی عرضِ بلد پر ایک دوسرے کے متوازی واقع ہیں۔
یہ نقشہ ایک ایکس صارف(@vicnaum) کی تخلیق ہے جن کا کہنا ہے کہ ا س سادہ ویب سائٹ کے ذریعے لوگ دیکھ سکتے ہیں کہ کون سے شہر ایک ہی متوازی خط پر ہیں، اور ساتھ ہی دوسرے نصف کرے میں اس کا عکس بھی معلوم کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق آپ ان مقامات پر تقریباً یکساں سورج کی روشنی کے اوقات کی توقع کر سکتے ہیں (یعنی دن اور رات کی لمبائی میں مشابہت)۔ اس نقشے کو آزمانے والے صارفین نے اپنی دلچسپ آرا آن لائن شیئر کی ہیں۔ایک شخص نے تبصرہ کیا کہ انہیں انٹارکٹیکا جتنی ہی سورج کی روشنی ملتی ہے۔ایک صارف نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ اورلینڈو اور دہلی ایک ہی عرضِ بلد پر ہیں۔ ایک اور شخص نے لکھا کہ جب آپ شکاگو میں سردی سے کانپ رہے ہوں تو یاد رکھیں کہ یہ میڈرڈ کے برابر عرضِ بلد پر ہے۔ دیگر متوازی مقامات میں لندن اور کینیڈا کا شہر سسکاٹون شامل ہیں، دونوں 52.1° شمالی عرضِ بلد پر واقع ہیں۔ اسی طرح اینڈورا ، شکاگو کے برابر عرضِ بلد پر ہے۔برازیل کا شہر ریو ڈی جنیرو آسٹریلوی شہر ایلس اسپرنگز کے متوازی ہے۔
ایک ہی عرضِ بلد پر واقع مقامات پر عموماً دن یکساں طوالت کے ہوتے ہیں تاہم ان مقامات پر سورج طلوع اور غروب ایک ہی وقت پر نہیں ہوتا اور نہ ہی انہیں لازمی طور پر سورج کی ایک جیسی روشنی ملتی ہے کیونکہ اس کا انحصار موسمی حالات پر بھی ہوتا ہے۔ عام طور پر جیسے جیسے آپ خطِ استوا سے دور جاتے ہیں دن اور رات کے اوقات میں موسمی تبدیلیاں زیادہ واضح اور شدید ہوتی جاتی ہیں۔ اسی طرح سورج کے طلوع اور غروب کا اصل وقت اس بات پر بھی منحصر ہوتا ہے کہ کوئی جگہ مشرق یا مغرب میں کتنی دور ہے۔
دوسری جانب ماہرین نے اس بات کو بھی واضح کیا ہے کہ Mercator Projection جو دنیا بھر میں عام طور پر تجارتی اور تعلیمی نقشوں کیلئے استعمال ہوتا ہے، دراصل زمین کی اصل جسامت کو درست انداز میں ظاہر نہیں کرتا بلکہ اس میں کافی بگاڑ پایا جاتا ہے۔اس نقشے میں شمالی امریکہ اور روس کو افریقہ کے برابر یا اس سے بڑا دکھایا جاتا ہے جبکہ حقیقت میں افریقہ شمالی امریکہ سے تقریباً تین گنا بڑا ہے اور روس سے بھی کہیں زیادہ وسیع و عریض ہے۔ برطانوی سائنسدانوں کا نیا نقشہ دکھاتا ہے کہ کئی ممالک جن میں روس، کینیڈا اور گرین لینڈ شامل ہیں حقیقت میں اس قدر بڑے نہیں جتنے عام طور پر محسوس ہوتے ہیں۔
گزشتہ سال افریقی ممالک نے مطالبہ کیا کہ دنیا کے بگڑے ہوئے نقشے کو دوبارہ بنایا جائے تاکہ براعظم افریقہ کا اصل حجم درست طور پر ظاہر ہو سکے۔ افریقن یونین نے اس مہم کی حمایت کی ہے جس کا مقصد حکومتوں اور بین الاقوامی اداروں کی جانب سے 16ویں صدی کے Mercator Projection کے استعمال کو ختم کرنا ہے اور اس کی جگہ ایسا نقشہ اپنانا ہے جو افریقہ کے اصل سائز کو زیادہ درست انداز میں دکھا سکے۔ 55 ممالک پر مشتمل اس بلاک نے اس نقشے پر اعتراض کیا ہے کہ یہ براعظموں کے سائز کو غلط پیش کرتا ہے۔
اس کے مطابق یہ نقشہ قطبین کے قریب علاقوں، جیسے شمالی امریکہ اور گرین لینڈ کو غیر حقیقی طور پر بڑا دکھاتا ہے جبکہ افریقہ اور جنوبی امریکہ جیسے بڑے براعظموں کو نسبتاً چھوٹا ظاہر کرتا ہے۔ ان ممالک کا مؤقف ہے کہ یہ بگاڑ افریقہ کے اصل حجم اور اہمیت کو کم کرتا ہے جبکہ امریکہ اور یورپ کو غیر متناسب طور پر بڑا دکھا کر ان کی وسعت کو حقیقت سے زیادہ نمایاں کرتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے منفی تصورات میڈیا، تعلیم اور پالیسی سازی پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ مہم چلانے والوں کے مطابق نقشے میں افریقہ کا کم دکھایا جانا اس کے جغرافیائی اور معاشی کردار کے بارے میں غلط فہمیاں پیدا کرتا ہے، جو عالمی سطح پر اس کی اہمیت کو کم کر کے پیش کرتا ہے۔