کیریئرپلاننگ (الیکٹرونکس کورسز)
اسپیشل فیچر
الیکٹرونکس انجنیئرنگ میں مختلف چیزوں کی ڈیزائننگ اور اُن کا استعمال سکھایا جاتا ہے جو کہ مختلف الیکٹرونک سرکٹ پر مشتمل ہوتے ہیں، اس کے علاوہ معلومات کو محفوظ آڈیو سگنل کے ذریعے اور ریڈیو ریسیور کے ذریعے سناجاسکتا ہے۔ الیکٹرونکس ہی کی مدد سے ٹیلی ویژن کی اسکرین پر تصویر دیکھی جاتی ہے اور اس کے علاوہ کمپیوٹر میں مختلف ڈیٹا محفوظ کیا جاتا ہے۔ 1948 میں ٹرانزسٹر بنالیا گیا، جس نے ویکیوم ٹیوب کی جگہ لے لی، اس کے بعد ہزاروں لاکھوں ٹرانزسسٹر پر مشتمل(Integrated Ciruit) انٹی گریٹڈ سرکٹ بنائے گئے، جو مائیکرو، کمپیوٹر، آڈیو، ویڈیو، ایکوپمئنٹ اور سیٹلائیٹ کمیونی کیشن میں استعمال ہونے لگے۔ I.C کے استعمال نے میٹریل کا سائز اور لاگت بہت کم کردی، ڈیجیٹل گھڑیاں دستی کمپیوٹر اور الیکٹرونک گیمز جدید الیکٹرونکس کے شاہ کار ہیں۔ الیکٹرونکس ہی کی مدد سے میڈیکل ٹیکنالوجی میں CAT یعنی (Computerized Axial Tompography) اور سی ۔ ٹی ا سکینرزکی مدد سے انسانی جسم کے باریک خلیوں تک کا بہ آسانی حال معلوم کیا جاسکتا ہے۔ انٹی گریٹیڈ سرکٹ کو بہتر بناکر کمپیوٹر میں بھی انقلابی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔الیکٹریکل انجینئرنگ کی مدد سے ٹیلی کمیونی کیشن میں کسی بھی سورس او رمنزل مقصود کوتار کے ذریعے ملادیا جاتا تھا لیکن الیکٹرونکس کی ترقی کی وجہ سے اب تاریا کیبل کے بغیر سیٹ لائٹ کے ذریعے ٹرانسمیشن کو وسعت دی گئی ہے۔ الیکٹرونکس کی مدد سے سافٹ ویئر انجینئر بہت ہی اعلیٰ سطح کے پروگرام بنارہے ہیں۔ غرض کہ زندگی کے ہرشعبے میں الیکٹرونکس کا عمل دخل نظر آتا ہے۔ الیکٹرونکس کے اس قدر استعمال سے یہ اندازہ بہ خوبی لگایا جاسکتا ہے کہ ان اشیاء کو بنانے اور رواں دواں رکھنے میں ہمیں کس قدر افرادی قوت کی ضرورت ہوگی۔ جن میں نیم ہنر مند، ہنرمندافراد، ٹیکنیشن، سپروائزر اور انجینئر شامل ہیں۔ میٹرک پاس بے روز گار افراد مختصر مدّت کے کورس مکمل کرکے مختلف فیلڈ میں اپنا کاروبار شروع کرسکتے ہیں۔ریڈیو الیکٹرونکس اورٹی وی سروسنگ کے چھے ماہ کی مدّت کے سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے تحت کروائے جاتے ہیں۔ ٹی وی اور وی سی آر ٹیکنیشن کا مختصر مدّت کا کورس پاکستان ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر بفرزون میں ہوتا ہے۔ جب کہ الیکٹرونکس کا کورس مین پاور ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ کے تحت کروایا جاتا ہے۔ ریڈیو سروسنگ کا کورس علامہ اقبال اوپن یونی ورسٹی کے تحت منعقد کروایا جاتا ہے۔ اوپر بیان کیے گئے کورسزکراچی کے پرائیوٹ اداروں(ناظم آباد، صدر، ملیر) کے علاوہ سندھ کے مختلف شہروں، ڈیپلو، ٹھٹھہ، دادو، لاڑکانہ، لطیف آباد(حیدرآباد)، سجاول، سہون شریف، مٹھی اور عمر کوٹ میں کام یابی سے چل رہے ہیں۔ خواتین کے لیے ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کراچی میں الیکٹرونکس کاکورس کروایا جاتا ہے۔ سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے تحت میٹرک ٹیکنیکل میں ریڈیو الیکٹرونکس رنگین ٹی وی اور وی سی آر ٹیکنیشن کے دو سالہ پروگرام کے تحت کورسزکروائے جاتے ہیں۔ تین سالہ ڈپلومہ پروگرام کے تحت کراچی کی نجی اور سرکاری پولی ٹیکنیک اداروں میں، حیدرآباد، مٹیاری، سکھر اورخواتین پولی ٹیکنیک کراچی اور حیدرآباد میں کورسزکروائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ چار سالہ ڈگری پروگرام یونی ورسٹیاں منعقد کرتی ہیں۔