مختلف پھلوں کے خواص وفوائد
اسپیشل فیچر
پھل دو طرح کے ہوتے ہیں:رس دار اور غذائی پھل۔رس دار پھلوں (مثلا سنگترہ، مالٹا،میٹھا، لیموں وغیرہ) میں نمکیات، تیزابی مادے اور شکری اجزاء بکثرت ہوتے ہیں جو جسم کی پرورش کے لیے بہت ضروری ہیں۔غذائی پھلوں (مثلاً کیلا، سیب، خربوزہ، انناس، آم اور کھجور وغیرہ) میں نشاستہ اور شکری اجزاء ہوتے ہیں۔پھلوں میں وٹامنز کی مقدار زیادہ ہوتی ہے اور وہ زودہضم، قبض کشا اورطاقت بخش ہوتے ہیں۔ ان میں نمکیات، کیلشیم، فولاد، فاسفورس، سوڈیم، میگنیشیم وغیرہ ہوتے ہیں جو جسم کی پرورش کے لیے بہت ضروری اور مفید ہیں۔ پکے پھل بہت مفید ہوتے ہیں کیونکہ ان میں وٹامنز کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ کچے یا بہت پکے یا گلے سڑے پھلوں سے ہیضہ، پیچش، اسہال قے اور بدہضمی وغیرہ کی شکایتیں پیدا ہوتی ہیں۔قبض کی شکایت مختلف امراض کا پیش خیمہ ہوتی ہے اورقیام صحت کے لیے اس بات کی ضرورت ہے کہ قبض کی شکایت پیدا نہ ہو، چنانچہ اس غرض کے لیے پھل بہت مفید شے ہے، خاص کر انجیر، سنگترہ، آلوبخارا، کھجور وغیرہ کے استعمال سے اجابت کھل کر ہوتی ہے۔ باقی پھلوں میں رس بھری، انناس اور آلیچی وغیرہ بہت مفید ہیں۔کشمش، آڑو، انگور کھانے سے گردوں کو تقویت حاصل ہوتی ہے۔ خون کے لیے بھی پھلوں کا استعمال مفید ہے اور مالٹا، سنگترہ، خربوزہ، تربوز اس جہت میں خاص طور پرنافع ہیں۔سنگترہ ایک نہایت مفید پھل ہے اور خون کی صفائی کے لیے بہترین شے ہے۔ اس میں چونکہ وٹامنز کا ذخیرہ زیادہ ہوتا ہے اس لیے بچوں کے لیے بھی یہ ایک عمدہ پھل ہے۔آم ایک مقوی اور زودہضم غذا ہے اگر رات کو بے خوابی رہتی ہو تو ایک آم کھا کر اوپر سے تھوڑا سا دودھ پی لینا چاہیے۔ ہاضمے کے لیے جامن بہت مفید ہے۔ جامن سے خون صاف ہوتا ہے۔غرض قدرت کے بنائے ہوئے چھوٹے سے چھوٹا پھل بھی کسی بڑے حکیم کی قیمتی معجون سے کم نہیں۔ ان کے استعمال سے اعضائے ہضم کو تقویت حاصل ہوتی ہے اورقوت ہضم بڑھ جاتی ہے، تازہ خون پیدا ہوتا ہے۔لیموں ایک بہت عام چیز ہے۔ پانی میں لیموں کا رس ملا کر پینے سے معدہ صاف رہتا ہے، بھوک خوب لگتی ہے، موسمی بخار کے لیے بھی لیموں بہت مفید ہے۔ علاوہ ازیں لیموں کے استعمال سے چہرے کا رنگ نکھرتا اورصحت اچھی رہتی ہے۔