املی کے فوائد
اسپیشل فیچر
عربی میںتمر، سندھی میں گدامڑی انگریزی میں Turmericکہا جاتا ہے۔املی ایک سدا بہار درخت کا پھل ہے۔ خوبصورت اور تناور درخت ہے اس پر نئے پتے مارچ اپریل کے مہینے میں نکلتے ہیں۔ یہ درخت کبھی پتوں سے خالی نہیں ہوتا۔ اس کے پتے تین سے چھ انچ تک لمبے ہوتے ہیں۔ اس کی چھال بھورے رنگ کی خوب پھٹی ہوئی ہوتی ہے۔ پھل بھورا یا بالکل سیاہ ہوتا ہے۔ پک جانے پر سرخی مائل ہو جاتا ہے۔ اس کے پھل پر پتلا سا چھلکا ہوتا ہے اور اس کے نیچے گودا ہوتا ہے جس میں پتلی پتلی نسیں ہوتی ہیں ایک پھل کے اندر چار سے بارہ تک چپٹے بیج نکلتے ہیں۔ اس کے بیجوں سے بیس فیصد تیل نکلتا ہے۔ بازاری املی میں عام طور پر نمک کی ملاوٹ ہوتی ہے۔ جبکہ دوائی میں استعمال ہونے والی املی نمک سے پاک ہونی چاہئے۔اس کا رنگ سرخ ہوتا ہے اگر املی پرانی ہو تو اس کا رنگ سیاہ ہو جاتا ہے۔ اس کے بیج سرخ ہوتے ہیں۔ اس کا مزاج سرد درجہ اول اور خشک درجہ دوم ہوتا ہے۔ بعض اطباء اسے معتدل بھی کہتے ہیں۔ اس میں وٹامن اے‘ بی اور سی شامل ہوتے ہیں۔ اس کی مقدار خوراک دو تولہ سے پانچ تولہ تک ہے۔ اس کا ذائقہ ترش ہوتا ہے۔املی کے فوائد:1- دل و معدہ کو قوت دیتی ہے۔2- صفرا کو دستوں کے ذریعے نکالتی ہے۔3- وبائی امراض کے زہر کو دور کرتی ہے۔4- بخار صفراوی کی صورت میں چار تولہ املی پانی میں بھگو کر پینا بے حد مفید ہے۔5- املی کے پتوں سے زخم دھونے سے جلدی ٹھیک ہو جاتا ہے۔6- پیٹ میں چلن‘ دل کی گھبراہٹ اور گرمی کو دور کرنے کیلئے گل نیلوفر چھ ماشہ‘ تخم کاسنی سات ماشہ‘ آلو بخارا سات ماشہ اور املی دو تولہ پانی میں بھگو کر چھان کر پینا مفید ہے۔7- بھوک کی کمی اور قوت ہاضمہ کو بڑھانے کیلئے املی کی چٹنی بنا کر استعمال کرنا بہت فائدہ مند ہے۔8- سدہ‘ جگر کی خرابی اور یرقان میں املی دو تولہ‘ تخم کاسنی سات ماشہ‘ گل نیلوفر دو تولہ اور مکو بھگو کر پینا بہت مفید ہے۔9- املی کا گودا بحری جہاز پر سفر کے دوران ساتھ رکھنا بہت مفید ہوتا ہے کیونکہ قے روکنے کیلئے انتہائی مجرب ہے۔10- معدے کے زہریلے مواد کو خارج کرنے کیلئے گل سرخ چھ ماشہ‘ پودینہ خشک چھ ماشہ‘ زر شک شریں دو تولے‘ املی اپنچ تولے‘ پہلی تین ادویہ کو ڈیڑھ کلو پانی میں جوش دیں اور املی کو شامل کر کے ٹھنڈا کریں‘ پھر چینی کا اضافہ کر کے دو چمچے ہر پندرہ منٹ بعد مریض کو دیں‘ ایک دو روز کے استعمال سے ہی معدہ کے افعال درست ہو جائیں گے‘ قے وغیرہ بند ہو جائے گی۔11- ہیضے کی وبا میں بڑی الائچی چھ دانے‘ خشک پودینہ ایک تولہ‘ آلو بخارا دس دانے‘ املی پانچ تولہ‘ ڈیڑھ کلو پانی میں ڈال کر ہلکے ہلکے تین جوش دیں۔ ٹھنڈا ہونے پر پانی نتھار کر ایک ایک گھونٹ مریض کو پلانے سے مریض کو سکون ملتا ہے۔ اس سے زہریلے مواد سے معدہ اور انتڑیاں صاف‘ پیاس دور اور بے چینی ختم ہو جاتی ہے۔12- لو کے حملہ کی تکلیف سے بچنے کیلئے املی پانچ تولے‘ عناب پانچ عدد‘ تخم خربوزہ ایک تولہ‘ تمام ادویہ کو ایک کلو پانی میں جوش دے کر اس میں چینی ملا لیں۔ گھونٹ‘ گھونٹ پانی مریض کو پلائیں ‘ فوری آرام ہو جائے گا۔13- پیشاب کی جلن دور کرنے کیلئے املی کے پتے دو تولہ لے کر پاؤ بھر پانی میں رگڑکر پینے سے جلن کا عارضہ دور ہو جاتا ہے۔٭…٭…٭