سگریٹ نوشی 4 لاکھ افراد لقمۃ اجل بنے

سگریٹ نوشی 4 لاکھ افراد لقمۃ اجل بنے

اسپیشل فیچر

تحریر : عمر گاکھڑی


سگریٹ نوشی مضر صحت ہے۔ سگریٹ نوشی پھیپھڑوں کے کینسر کا باعث بنتی ہے۔ یہ اور اس طرح کے کئی اور فقرے ہم روز دیکھتے، سنتے، بولتے اور پڑھتے ہیں لیکن ان کے اتنے عادی ہو چکے ہوتے ہیں کہ ان پہ کان نہیں دھر جاتا۔کبھی یہ فقرہ ہماری کسی حس کو چھو کے نہیں گزرا۔ کیوں! کیونکہ ہم ایسا سننا نہیں چاہتے، دیکھنا، پڑھنا اور بولنا نہیں چاہتے۔ ''پناہ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق 2020ء میں4 لاکھ افراد تمباکو نوشی کی وجہ سے لقمئہ اجل بنے۔ یہ صرف ایک برس کے اعدادو شمار ہیں۔ حساب لگائیں جب سے سیگریٹ دریافت ہوئی تب سے لے کر آج تک کتنے افراد سیگریٹ نوشی کے باعث موت کے منہ میں چلے گئے ۔ اگر شرح اموات کا یہی حال رہا تو اندازہ لگا لیجئے کہ مستقبل میں تمباکو نوشی کتنی نقصان دہ ثابت ہونے والی ہے۔
ذراٹھہرئیے، حال ہی میں امریکا میں ایک ریسرچ سامنے آئی ہے جس کا خلاصہ کچھ یوں ہے کہ 2050ء تک امریکہ سے تمباکو نوشی کا خاتمہ ہو چکا ہوگا۔ یہ بات حیران کن بھی ہے اور خوش آئند بھی ۔بلوم برگ میں شائع کردہ ایڈم سپیل مین کی ایک رپورٹ کے مطابق اگر تمباکو نوشی میں کمی کا رجحان برقرار رہتا ہے تو 2050 تک امریکہ، یورپ، آسٹریلیا اور لاطینی امریکہ میں سگریٹ کا استعمال صفر ہو جائے گا۔بلوم برگ کی شائع کردہ رپورٹ کے مطابق گزشترہ دو دہائیوں میں تمباکو کی مصنوعات بنانے کی پانچ بڑی کمپنیوں ( BIG TOBACCO ) کے مطابق نوجوانوں میں سگریٹ نوشی کے رجحان میں غیر یقینی 75 فیصد کمی ہوئی ہے۔ سی ڈی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق 2005 میں مردوں میں سگریٹ نوشی کی شرح 20 فیصد تھی جو کم ہو کر 14 فیصد رہ گئی ہے ، ہر گزرتے سال کے ساتھ ساتھ اس میں متواتر کمی ہو رہی ہے ۔ ''اسی ڈی سی‘‘ کے مطابق تمباکو نوشی سے پھیپھڑوں کے کینسر میں اضافہ ہوا ہے اور یہ خطرہ نمبر ون ہے۔ 9 مارچ کو امریکی احتیاطی خدمات ٹاسک فورس نے کہا کہ تمباکو نوشی کرنے والوں کو 50 سال کی عمر میں پھیپھڑوں کے کینسر کی جانچ پڑتال شروع کر دینی چاہئے جو موجودہ سفارشات کی توسیع ہے۔ 2019 میں سی ڈی سی نے اطلاع دی کہ 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے 100 امریکی بالغوں میں سے 14 افراد سگریٹ پیتے ہیں جن کی تعداد 34.1 ملین ہے۔ پاکستان میں سگریٹ نوشوں کی تعداد 1.4 کرور کے لگ بھگ ہے ،جو 143208 ملین سگریٹ سالانہ پی جاتی ہے۔
بلوم برگ کی رپورٹ کے بعد یہ بات بھی واضح ہوتی ہے کہ تمباکو کی صنعت میں یہ تبدیلیاں سگریٹ بنانے والی فیکٹریوں کے لئے سگریٹ کے متبادل میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کریں گی اگر کوئی فیکٹری اس کے متبادل کوئی پراڈکٹ لاتی ہے تو اس میں سرمایہ کاری کے نتائج نتیجہ خیز ہونگے جس سے یقینا ایک نئے شعبے کا قیام اور فروغ عمل میں لایا جا سکتا ہے کیونکہ موجودہ دور میں سگریٹ نوشی ایک رواج کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ سپیل مین نے اس جذبات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ دور میں سگریٹ نوشی کی طرف رجحانات کسی چیز کی تجویز نہیں کرسکتے اس لئے سگریٹ کے متبادلات کی طرف دھیان دینے کی ضرورت ہے۔ کچھ کمپنیوں نے اپنے چند شعبوں میں سگریٹ نوشی کے متبادلات کو شامل کرنا شروع کر دیا ہے۔ تمباکو کی مصنوعات میں ایک مایہ ناز نام رکھنے والی کمپنی فلپ مورس انٹرنیشنل کارپوریٹڈ، جو مارلبورو اور چیسٹر فیلڈ سگریٹ تیار کرتی ہے نے حالیہ کچھ برس میں اپنا ایک IQOS گرم تمباکو آلہ متعارف کروایا ہے اور وہ اس کی فروخت بڑے پیمانے پہ کر رہی ہے۔ کمپنی کا 25 فیصد محصول غیر منقولہ مصنوعات سے حاصل ہو رہا ہے ۔ اس بات سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ مستقبل میں سگریٹ کے متبادلات میں سرمایہ کاری کس حد تک منافع بخش ثابت ہوسکتی ہے۔ سپیل مین کے مطابق اگلی نسل کی مصنوعات یعنی سگریٹ کے متبادلات نے کئی مارکیٹیوں میں نیکوٹین کے استعمال میں کمی کر دی ہے اور نیکوٹین کی مصنوعات کی فروخت کو سست روی کا شکار کر دیا ہے۔
تاہم کچھ ممالک ان متبادل مصنوعات کے فروغ کی طرف اپنا رخ نہیں کر رہے۔یہ بات پریشان کن ہے کہ چین، روس، پاکستان اور بھارت اس طرف توجہ مرکوز نہیں کر رہے، شاید 2050 ء تک ان ممالک میں سگریٹ نوشی کا خاتمہ ممکن نہ ہو سکے ،یہاں شائد سگریٹ نوشی میں معمولی سی کمی ہو۔ تمباکو نوشی میں کمی لانے کے لئے ہمیں بھی امریکہ جیسی پالیسی اپنانا چاہئے ۔ ہم بھی سگریٹ کی متبادل مصنوعات بناکر اپنے لوگوں کو تمباکو کے نقصان دہ اثرات سے محفوظ رکھ سکتے ہیں ،تب ہی پاکستان 2050 ء تک سگریٹ نوشی کے خاتمے کے لئے امریکہ اور دوسرے ممالک کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہو سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
مریم زمانی مسجد

مریم زمانی مسجد

تاریخی،ثقافتی اور جمالیاتی ورثہمریم زمانی مسجد جسے بیگم شاہی مسجد کے نام سے بھی جانا جاتا ہے لاہور میں مغل دور کی اہم ترین مساجد میں شمار ہوتی ہے اور برصغیر کی اسلامی تعمیراتی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔لاہور قلعہ کے بالمقابل اکبری دروازے کے باہر 1614ء میں تعمیرکی گئی یہ مسجد مغل شہنشاہ اکبر کی اہلیہ ملکہ مریم الزمانی سے منسوب ہے۔یہ مسجد نہ صرف اپنی تاریخی اہمیت کے باعث ممتاز ہے بلکہ اپنے منفرد فنِ تعمیر، تزئین و آرائش اور محلِ وقوع کے اعتبار سے بھی ایک نمایاں ثقافتی ورثہ ہے۔ شاہی قلعے کے دروازے کے بالکل سامنے واقع ہونے سے قلعے اور اس مسجد کے تعلق کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔یہ قربت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ یہ مسجد شاہی خاندان اور درباری افراد کے لیے بہت اہم رہی ہو گی۔فنِ تعمیرفنِ تعمیر کے لحاظ سے مریم زمانی مسجد مغل طرزِ تعمیر کے ابتدائی ارتقائی دور کی نمائندگی کرتی ہے۔ اس کا رقبہ تقریباً پچاس میٹر مشرق تا مغرب اور پچاس میٹر شمال تا جنوب ہے، جس سے یہ ایک نسبتاً چھوٹی مگر متوازن اور منظم عمارت دکھائی دیتی ہے۔ اس مسجد کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کا پانچ محرابی داخلی حصہ ہے جو بعد کے مغل دور میں تعمیر ہونے والی مساجد کا ایک مخصوص اور معیاری عنصر بن گیا۔ یوں یہ مسجد اس طرزِ تعمیر کی اولین مثالوں میں شمار ہوتی ہے جس نے بعد میں مغل مساجد کے ڈیزائن کو متاثر کیا۔تاریخی ماہرین کے مطابق یہ مسجد لودھی اور مغل طرزِ تعمیر کے درمیان ایک عبوری کیفیت کی عکاسی کرتی ہے‘ تاہم اس کی تعمیر چونکہ اس وقت ہوئی جب مغل سلطنت کو قائم ہوئے تقریباً نوے سال ہو چکے تھے اس لیے اسے مغل معماروں کی جانب سے روایتی افغان اور سلطنت دور کے طرزِ تعمیر کی ایک نئی تشریح قرار دینا زیادہ مناسب معلوم ہوتا ہے۔ اس کا مرکزی پیش طاق (پشتہ نما محراب)، گنبدی ساخت اور کشادہ صحن اس بات کی دلیل ہے کہ مغل معماروں نے سابقہ اسلامی تعمیراتی روایات کو اپناتے ہوئے انہیں اپنے جمالیاتی معیار کے مطابق ڈھالا۔اس مسجد کا تقابلی جائزہ دہلی کی قلعہ کہنہ مسجد سے لیا جائے تو دونوں عمارتوں کے خدوخال میں نمایاں مماثلت نظر آتی ہے۔ قلعہ کہنہ مسجد بھی ایک گنبد دار، پانچ محرابی عمارت ہے جس کے سامنے وسیع صحن موجود ہے۔ یہی خصوصیات مریم زمانی مسجد میں بھی نظر آتی ہیں جو اس بات کی دلیل ہیں کہ مغل فنِ تعمیر نے سابقہ افغان اور سلطنتی روایت کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھایا مگر اس میں اپنے مخصوص جمالیاتی عناصر شامل کیے۔تزئین و آرائش تزئین و آرائش کے اعتبار سے مریم زمانی مسجد اپنی نوعیت کی ایک شاندار مثال ہے۔ اس کے اندرونی حصے میں پلاسٹر پر بنے ہوئے مقرنس طرز کے طاق، کثیر رنگی فریسکو پینٹنگ اور باریک نقش و نگار پائے جاتے ہیں۔ جیومیٹریائی ڈیزائن، بیل بوٹے، درختوں کی مثالی تصاویر، گلدان اور پرندوں کی مصوری اس کے داخلی حسن کو مزید نکھارتی ہے۔ اگرچہ بیرونی حصے کی آرائش صدیوں کے موسمی اثرات اور آلودگی کے باعث خاصی متاثر ہو چکی ہے لیکن مرکزی پیش طاق کے اندر موجود مقرنس طاق اور اندرونی فریسکو آج بھی اپنی اصل شان کی جھلک پیش کرتے ہیں۔تاریخی روایات کے مطابق اس مسجد کی فریسکو آرائش اتنی مشہور تھی کہ لاہور قلعہ کے مشرقی دروازے کو ''مسجدی یا مسیتی دروازہ‘‘ کہا جانے لگا۔ یہ امر اس مسجد کی فنی عظمت اور اس کے ثقافتی اثرات کی عکاسی کرتا ہے۔ اندرونی سجاوٹ کا انداز جہانگیر اور ابتدائی شاہجہانی دور کی عمارات سے مماثلت رکھتا ہے، جس میں سنجیدگی، توازن اور باوقار رنگوں کا استعمال نمایاں ہے۔ اس اسلوب میں وہی رسمی اور شائستہ جمالیات نظر آتی ہیں جو مغل دربار کے ذوقِ فن کی نمائندگی کرتی ہیں۔تعمیراتی خصوصیاتتعمیراتی نقطہ نظر سے یہ مسجد مغل دور کے اس مرحلے کی نمائندگی کرتی ہے جب سلطنت اپنی شناخت مستحکم کر رہی تھی اور فنِ تعمیر میں تجرباتی رجحانات موجود تھے۔ اکبر اعظم کے عہد میں شروع ہونے والی مذہبی اور ثقافتی وسعت نے ایسے منصوبوں کو فروغ دیا جن میں روایت اور جدت کا امتزاج دکھائی دیتا ہے۔ اسی فکری تسلسل کے تحت مریم زمانی مسجد جیسی عمارات وجود میں آئیں جو نہ صرف عبادت گاہیں تھیں بلکہ ثقافتی علامت بھی بن گئیں۔اگرچہ بعد کے ادوار میں مغل فنِ تعمیر نے عظیم الشان مساجد کی صورت میں اپنی معراج حاصل کی جیسے بادشاہی مسجد لاہور، تاہم مریم زمانی مسجد کو ایک بنیادی اور ابتدائی نمونے کے طور پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ اس کی سادگی، تناسب اور تاریخی اہمیت اسے مغل فنِ تعمیر کے ارتقا کو سمجھنے کے لیے ایک کلیدی مثال بناتی ہے۔آج کے دور میں مریم زمانی مسجد لاہور کے تاریخی ورثے کا ایک اہم حصہ ہے اور محققین، سیاحوں اور فوٹو گرافروں کے لیے خصوصی دلچسپی کا مرکز ہے۔ یہ مسجد اس حقیقت کی علامت ہے کہ مغل عہد میں تعمیراتی فن صرف عظمت اور شان و شوکت تک محدود نہیں تھا بلکہ جمالیاتی توازن، روحانیت اور فنی باریکیوں پر بھی بھرپور توجہ دی جاتی تھی۔ صدیوں پر محیط موسمی اثرات کے باوجود اس مسجد کی اصل شناخت بڑی حد تک محفوظ ہے، جو اس کی مضبوط تعمیر اور فنی مہارت کا ثبوت ہے۔

آرٹیمس دوم کی لانچ میں تاخیر کیوں؟

آرٹیمس دوم کی لانچ میں تاخیر کیوں؟

NASA کا چاند کے گرد انسانی خلائی مشن آرٹیمس دوم ایک بار پھر تکنیکی پیچیدگیوں کے باعث تاخیر کے خدشات سے دوچار ہو گیا ہے۔ خلائی ادارے کے مطابق راکٹ کے نظام میں ہیلیم کے بہاؤ میں تعطل کی نشاندہی کے بعد انجینئرز تفصیلی تکنیکی جائزہ لے رہے ہیں جس کے نتیجے میں مارچ کی تمام ممکنہ لانچ تاریخیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ یہ مشن جدید خلائی تاریخ کے اہم ترین منصوبوں میں شمار کیا جا رہا ہے کیونکہ اس کے ذریعے تقریباً نصف صدی بعد انسانوں کو دوبارہ چاند کے قریب بھیجا جائے گا۔ناسا کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق تکنیکی ماہرین نے راکٹ کے اپر سٹیج کے ایک اہم نظام میں ہیلیم کے بہاؤ میں رکاوٹ دیکھی ہے۔ ہیلیم راکٹ کے پریشرائزیشن نظام کا بنیادی جزو ہوتا ہے جو ایندھن کے ٹینکوں کے دباؤ کو مستحکم رکھنے اور انجن کی کارکردگی کو محفوظ بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ اس بہاؤ میں معمولی سی خرابی بھی لانچ کے دوران خطرات پیدا کر سکتی ہے، اس لیے ناسا اس مسئلے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے۔ادارے نے عندیہ دیا ہے کہ راکٹ اور اورائن خلائی جہاز کو لانچ پیڈ سے واپس وہیکل اسمبلی بلڈنگ منتقل کیا جا سکتا ہے تاکہ مزید جانچ، معائنہ اور ممکنہ مرمت کی جا سکے۔ اس عمل کو خلائی اصطلاح میں ''رول بیک‘‘ کہا جاتا ہے اور یہ عام طور پر اس وقت کیا جاتا ہے جب کسی اہم تکنیکی نظام میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو جائے۔ اگر رول بیک کا فیصلہ حتمی صورت اختیار کرتا ہے تو مارچ میں لانچ منسوخ ہو سکتی ہیں اور مشن کو اپریل یا اس کے بعد کی تاریخوں تک مؤخر کرنا پڑ سکتا ہے۔آرٹیمس دوم مشن کی اہمیت اس لیے بھی غیر معمولی ہے کہ یہ 1972ء کے بعد انسانوں کو پہلی بار چاند کے قریب لے جانے والا مشن ہو گا۔ آخری بار انسان چاند کے مشن پر اپالو 17 کے ذریعے گئے تھے۔ اس کے بعد طویل عرصے تک انسان بردار قمری مشنز معطل رہے اور خلائی تحقیق زیادہ تر مدار یا غیر عملہ مشنز تک محدود رہی۔ اب آرٹیمس پروگرام کے ذریعے ناسا ایک بار پھر قمری تحقیق کو انسانی سطح پر بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔آرٹیمس مشن میں چار خلا بازوں کو تقریباً دس روزہ سفر پر چاند کے گرد بھیجا جائے گا۔ اگرچہ اس مشن میں چاند پر لینڈنگ شامل نہیں تاہم یہ مستقبل کے قمری لینڈنگ مشنز کے لیے عملی بنیاد فراہم کرے گا۔حالیہ ہفتوں میں لانچ سے قبل ہونے والی ویٹ ڈریس ریہرسل یعنی لانچ کی مکمل مشق کے دوران مجموعی پیش رفت کو حوصلہ افزا قرار دیا گیا تھا۔ اس عمل میں راکٹ کو حقیقی لانچ کی طرح ایندھن سے بھرا جاتا ہے اور ہر چیز کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ تاہم اس سے قبل ہونے والے ٹیسٹوں میں مائع ہائیڈروجن کے اخراج، سیلز کی تبدیلی اور لانچ کنٹرول سینٹر کے ساتھ عارضی مواصلاتی خلل جیسے مسائل بھی سامنے آئے تھے۔ ناسا کے مطابق ان مسائل کو انجینئرنگ اصلاحات کے ذریعے بڑی حد تک حل کر لیا گیا مگر ہیلیم سے متعلق حالیہ مسئلہ مزید تجزیے کا تقاضا کرتا ہے۔آرٹیمس دوم مشن میں جدید اورائن خلائی جہاز اور سپیس لانچ سسٹم (SLS) راکٹ استعمال کیا جا رہا ہے جو اب تک تیار کیے گئے طاقتور ترین راکٹس میں شمار ہوتا ہے۔ یہ راکٹ گہرے خلا کے مشنز کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے اور مستقبل میں چاند پر مستقل انسانی موجودگی کے منصوبوں میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔ اس مشن کے ذریعے نہ صرف خلا نوردوں کے لیے گہرے خلا کے سفر کے عملی تجربات حاصل ہوں گے بلکہ طویل المدتی خلائی رہائش اور بین الاقوامی خلائی تعاون کی راہ بھی ہموار ہو گی۔مزید برآں، آرٹیمس پروگرام کا ایک طویل المدتی مقصد چاند پر پائیدار انسانی موجودگی قائم کرنا اور وہاں تحقیقی انفراسٹرکچر کی بنیاد رکھنا ہے۔ اس کے ذریعے مستقبل میں مریخ سمیت دیگر خلائی مشنز کی تیاری میں مدد ملے گی۔ ماہرین کے مطابق چاند کو ایک ٹیسٹنگ گراؤنڈکے طور پر استعمال کیا جائے گا جہاں نئی ٹیکنالوجی، توانائی کے نظام اور انسانی بقا سے متعلق تجربات کیے جائیں گے۔ناسا اس وقت آرٹیمس اول کے ڈیٹا سمیت تمام سابقہ ٹیسٹ ریکارڈز کا تقابلی جائزہ لے رہا ہے تاکہ ہیلیم کے مسئلے کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔

رمضان کے مشروب وپکوان:لقمی سموسہ

رمضان کے مشروب وپکوان:لقمی سموسہ

اجزاء: میدہ ایک کلو، گھی آدھا کلو، قیمہ ایک کلو،مرچ سیاہ، نمک، پیاز،لہسن حسب ضرورت۔ترکیب:میدہ میں گھی ملا کر خوب ملیے اور دودھ سے گوندھئے۔ ایک کلو قیمہ کو دو پیازہ کی طرح پکایئے۔ تیاری کے بعد مصالحہ سادہ تیار کر کے میدہ کی پوریاں بنا کر دوپارہ کر لیجیے اورآدھی پوری میں بھرکر ہر ایک پوری کے دو سموسے بنا لیجیے۔ اگر میوہ ڈالنا ہو تو قیمہ کی بجائے کشمش ثابت اخروٹ، پستہ اور بادام کو کوٹ کر کے بھر دیجیے۔پائن ایپل سن شائناجزاء : انناس کے ٹکڑے ایک پیالی، کینو کا رس دو پیالی، برائون شوگر تین کھانے کے چمچ، کُٹی ہوئی برف حسب پسند۔ترکیب: بلینڈر میں انناس کے ٹکڑے اور ایک پیالی پانی ڈال کر بلینڈ کریں، جب انناس پانی کے ساتھ یکجان ہو جائے تو اس میں برائون شوگر، کینو کا رس اور کٹی ہوئی برف ڈال کر بلینڈ کر لیں۔

آج تم یاد بے حساب آئے!اے آر خاتون رومانی ناولوں کی مصنفہ (1965-1900ء)

آج تم یاد بے حساب آئے!اے آر خاتون رومانی ناولوں کی مصنفہ (1965-1900ء)

٭... 1900ء میں دہلی میں پیدا ہوئیں، اصل نام امت الرّحمن خاتون تھا۔٭...اس دور کے رواج کے مطابق ان کی تعلیم و تربیت گھر پر مکمل ہوئی۔ وہ ابتدائی عمر ہی سے لکھنے پڑھنے کا شوق رکھتی تھیں۔ ٭... اے آر خاتون نے اپنے شوق اور ادب میں دلچسپی کو مضمون نگاری کی شکل میں دوسروں کے سامنے رکھا اور حوصلہ افزائی نے انھیں باقاعدہ لکھنے پر آمادہ کیا۔٭...1929ء میں ان کا پہلا ناول ''شمع ‘‘منظرِ عام پر آیاجو برصغیر کے مسلمانوں کی تہذیب اور اقدار کے پس منظر میں تحریر کیا گیا تھا۔ ٭...ان کے کئی ناول اردو ادب میں کلاسیکی حیثیت رکھتے ہیں، جن میں افشاں،ہالہ،تصویر،شمع،چشمہ،رْمانہ،فرحانہ،زیور،عصمہ،شمع اور پروانہ،دل کی دنیا،محبت ایک خواب،پیار کا پیکر قابل ذکر ہیں۔ ٭...ان کے ناولوں کی سب سے بڑی خوبی ان کا سادہ مگر دلکش اسلوب ہے، جو قاری کو ابتدا سے لے کر اختتام تک جکڑے رکھتا ہے۔٭... انہوں نے اپنی کہانیوں میں مشرقی تہذیب اور معاشرتی اقدار کو بڑے خوبصورت انداز میں پیش کیا ہے۔٭...انہوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے اردو ادب میں منفرد پہچان بنائی۔٭...اے آر خاتون کا ناول ''افشاں‘‘ 1970ء کے اواخر میں پاکستان ٹیلی ویژن پر پیش کیا گیا تھا جو اپنے وقت کا مقبول ترین ڈرامہ ثابت ہوا۔٭...قیام پاکستان کے بعد وہ پاکستان آ گئی تھیں اور یہاں بھی تصنیف کا سلسلہ جاری رکھا۔ ٭...24 فروری 1965ء کو ان کا لاہور میں انتقال ہوا۔

آج کا دن

آج کا دن

جنگ ِ کرنال1739ء میں ہونے والی جنگِ کرنال میں 24فروری کو ایران کے طاقتور حکمران نادر شاہ نے مغل بادشاہ محمد شاہ کو شکست دی۔ یہ جنگ موجودہ بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر کرنال کے قریب لڑی گئی۔ مغل فوج تعداد میں زیادہ ہونے کے باوجود ناقص حکمت عملی کے باعث کامیاب نہ ہو سکی۔ اس شکست کے نتیجے میں نادر شاہ نے دہلی پر قبضہ کیا اور بے پناہ دولت لوٹ کر ایران لے گیا۔بغداد پیکٹ1955ء میں آج کے دن ''بغداد پیکٹ‘‘ کا قیام ہوا، جس میں ترکی، عراق، پاکستان اور ایران شامل تھے۔ کچھ عرصے بعد اس کا نام بدل کر ''سینٹو‘‘ کر دیا گیا۔ بعد میں ریاستہائے متحدہ امریکا اور عراق بھی اس میں شامل ہو گئے۔ جولائی 1958ء میں عراق میں انقلاب آیا اور نئی حکومت نے اس معاہدے سے علیحدگی اختیار کر لی۔ اس طرح اس کے مرکزی دفاتر بھی بغداد سے انقرہ منتقل ہو گئے۔ چودہ سال فعال رہنے کے بعد یہ تنظیم 16 فروری 1979ء کو معدوم ہو گئی۔ اس کا مقصد وسطی ایشیا میں اشتمالیت کے فروغ کو روکنا تھا۔مصری وزیر اعظم کا قتل24فروری 1945ء کو مصر کے وزیراعظم احمد ماہر پاشا کو پارلیمنٹ میں سرکاری فرمان پڑھنے کے فوراً بعد گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ دوسری جنگ عظیم کے تناظر میں اہم سیاسی اعلان کر رہے تھے۔ حملہ آور کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ احمد ماہر پاشا کا قتل مصر کی سیاست میں ایک بڑا سانحہ سمجھا جاتا ہے۔

 شیخ زید جامع مسجد اسلامی فن تعمیر کا شاہکار

شیخ زید جامع مسجد اسلامی فن تعمیر کا شاہکار

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں واقع شیخ زید جامع مسجد جدید اسلامی فن تعمیر کا ایک ایسا شاہکار ہے جس نے دنیا بھر کے ماہرین تعمیرات اور سیاحوں کو یکساں طور پر متاثر کیا ہے۔ سفید سنگِ مرمر سے مزین یہ عظیم الشان مسجد نہ صرف عبادت گاہ ہے بلکہ اتحاد، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی علامت بھی سمجھی جاتی ہے۔یہ مسجد متحدہ عرب امارات کے بانی صدر شیخ زید بن سلطان النہیان کے وژن کا عملی نمونہ ہے، جن کی خواہش تھی کہ ایک ایسی جامع مسجد تعمیر کی جائے جو اسلامی تہذیب کی خوبصورتی اور وسعتِ نظر کی عکاسی کرے۔ 1996ء میں شروع ہونے والا یہ عظیم منصوبہ 2007ء میں مکمل ہوا۔ مسجد میں بیک وقت تقریباً چالیس ہزار نمازیوں کی گنجائش موجود ہے، جو اسے دنیا کی بڑی مساجد میں شامل کرتی ہے۔شیخ زید مسجد کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کے 82 سفید گنبد اور چار بلند و بالا مینار ہیں جو تقریباً 107 میٹر کی بلندی تک پہنچتے ہیں۔ مرکزی صحن میں سنگِ مرمر پر کی گئی نفیس پھولدار نقش و نگاری دیکھنے والوں کو مسحور کر دیتی ہے۔ مسجد کے اندر نصب عظیم الشان کرسٹل فانوس جرمنی سے تیار کروا کر لائے گئے، جبکہ مرکزی ہال میں بچھا قالین ہاتھ سے بْنے ہوئے دنیا کے بڑے قالینوں میں شمار ہوتا ہے جو ایرانی ماہرین کا تیار کردہ ایک شاہکار ہے۔ یہ مسجد محض ایک عبادت گاہ نہیں بلکہ ایک ثقافتی مرکز بھی ہے۔ یہاں دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کیلئے رہنمائی کے خصوصی انتظامات موجود ہیں تاکہ وہ اسلامی تعلیمات اور فن تعمیر کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ ہو سکیں۔ خاص طور پر غروبِ آفتاب کے وقت مسجد کا منظر، جب سفید گنبد سنہری روشنی میں نہا جاتے ہیں، دلکش اور یادگار ہوتا ہے۔ شیخ زید جامع مسجد دراصل جدید دور میں اسلامی فنِ تعمیر کی نئی جہتوں کی نمائندگی کرتی ہے۔ یہ مسجد اس بات کا ثبوت ہے کہ مذہبی روحانیت اور عصری جمالیات ایک ساتھ چل سکتی ہیں۔ ابو ظہبی کی یہ عظیم مسجد آج نہ صرف امارات کی پہچان ہے بلکہ عالمِ اسلام کیلئے فخر کا باعث بھی ہے۔