صحت اور حسن کیلئے لیموں کے حیرت انگیز فوائد
لیموں اصل میں ایک پھل ہے مگر اسے عموماً سبزیوں کی فہرست میں شامل کیا جاتا ہے۔ پکے ہو ئے کا رنگ زرد جبکہ کچے لیموں کا رنگ سبز ہوتاہے۔ اس کا ذائقہ ترش ہوتا ہے۔ اس میں سڑک ایسڈپایا جاتا ہے۔ اس کی کئی اقسام ہیں۔ سب سے اعلیٰ قسم کاغذی لیموں کی ہے جس کا چھلکا کاغذ کی طرح پتلاہوتا ہے۔ اس کی مقدار خوراک چھ ماشہ لیموں کا رس ہے جبکہ روغن لیموں کی مقدار ایک سے تین قطرے تک ہے۔ وٹامن بی اور سی اور نمکیات کا بہترین ماخذ ہے اس میں وٹامن اے معمولی مقدار میں پایاجاتا ہے۔لیموں کے بے شمار فوائد ہیں۔
لیموں کا فوائد
(1) یہ مفرح اور سردی پہنچاتا ہے۔(2) دافع صفرا ہوتا ہے۔
(3) بھوک لگاتا ہے اور پیاس کو تسکین دیتا ہے۔(4)اس کے استعمال سے پیٹ ہلکا اور نرم ہو جاتا ہے۔ لیموں قبض کشا بھی ہے۔(5)گردے اور مثانے کی پتھری کو لیموں کی سکنجبین نکال سکتی ہے۔
(6) متلی اور قے میں بے حد مفید ہے۔ (7) تازہ لیموں کی سکنجبین بنا کر بخار میں پلانے سے افاقہ ہوتا ہے۔
(8) ملیریا بخار کی صورت میں لیموں کو نمک اور مرچ سیاہ لگا کر چوسنا بخار کی شدت کو کم کرتا ہے۔(9) ہیضہ میں لیموں کا رس ایک تولہ، کافور ایک رتی، پیاز کا رس ایک تولہ ملا کر دن میں تین یا چار دفعہ استعمال کرنے سے صحت ہوتی ہے۔ (یہ ایک خوراک ہے)۔
(10) خون کے جوش کو ٹھیک کرتا ہے۔(11) معدہ اور جگر کو قوت دیتاہے اور خاص طورپر جگر کے گرم موادکا جاذب ہے۔
(12) لیموں کو کاٹ کر اگر چہرے پر ملا جائے تو چھائیاں اور کیل مہاسے ٹھیک ہو جاتے ہیں۔(13)اگر دانتوں سے خون آتا ہو تو ایک عدد لیموں کا رس، ایک گلاس نیم گرم پانی اور شہد دو بڑے چمچے ملا کر روزانہ غرارے کرنے سے یہ بیماری دور ہو جاتی ہے۔(14)لیموں کا تازہ رس سر سے لے کر پائوں تک پوری جسمانی مشینری کو اوورہال کرتا ہے اور اس کا اعتدال کے ساتھ استعمال صحت کا ضامن ہے۔(15) لیموں کو سونگھنا نزلہ کو بند کرتا ہے۔(16) یرقان میں لیموںکے رس کا استعمال بے حد مفید ہے سکنجبین بنا کر دن میں تین بار استعمال کریں۔(17) بعض دفعہ لیموں کے رس کو شہد میں ملا کر چٹانے سے کھانسی ٹھیک ہو جاتی ہے۔(18) لیموں کا رس بیسن میںملا کر چہرے پر لگانے سے داغ‘ دھبے دور ہو جاتے ہیں۔(19)تازہ لیموں کے چھلکے سے روغن لیموں تیار کیا جاتا ہے جو پیٹ کی گیس میں بے حد مفید ہے۔(20) بیرونی ممالک میں لیموںکے چھلکوں سے مربہ بنایا جاتا ہے جس کو ماملیڈ کہتے ہیں۔(21) لیموں کا اچار بڑھی ہوئی تلی کیلئے مفید ہوتا ہے۔ (22)چاولوں کو ابالتے وقت اگر ایک چمچ لیموں کا رس اس میں ڈال دیا جائے تو چاول خوش رنگ اور خوشبودار بنتے ہیں۔
(23) روسٹ اشیاء پر لیموں نچوڑ کرکھایا جائے تو کھانے کا ذائقہ اچھا ہو جاتا ہے اور کھانا ہضم بھی جلدی ہو جاتا ہے۔ (24) مچھلی کی بو دور کرنے کیلئے اس پر لیموں مل کر رکھنا چاہئے اس سے مچھلی خوش ذائقہ بھی پکتی ہے۔ (25) لیموں کے چھلکوں سے دانت صاف کرنے سے دانت درد کی شکایت نہیں ہوتی۔ (26)لیموں کا رس بیرونی طور پر جلد کو نرم اور حسین بناتا ہے۔(27) وزن کم کرنے کیلئے لیموں کا رس دو چمچے، شہد دو چمچے ایک گلاس پانی میں ملا کر صبح نہار منہ پینا بہت مفید ہے۔ دو ہفتے کے مسلسل استعمال سے وزن میں کمی آتی ہے۔(28) سر دھونے کے بعد اگر لیموں کا رس ملا پانی بالوں میں لگایا جائے اور تولیے سے خشک کر لیا جائے تو بالوں میں چمک آ جاتی ہے۔(29) سلاد والی سبزیاں مثلاً پودینہ وغیرہ اگر مرجھا جائیں تو لیموں کا رس ملا پانی ان پر چھڑکنے سے دوبارہ تازہ ہو جاتی ہیں۔(30)لیموں مصفیٰ خون ہے۔(31) سوزش اور پیشاب کی تکلیف کو فائدہ دیتا ہے۔(32)داد کی جلدی بیماری پر لیموں کا رس اور تلسی کے پتوں کا رس ملا کر لگانے سے داد جڑ سے غائب ہو جاتی ہے۔ (33) لیموں جراثیم کا خاتمہ کرتا ہے اور پھوڑے پھنسیوں پر لگانے سے زخم جلدی مندمل ہو جاتے ہیں۔
نوٹ:ان تمام تر خوبیوں کے باوجود زیادہ مقدار میں لیموں کا استعمال نقصان دہ ہے۔ لیموں کا تیز محلول دانتوں کیلئے مضر ہے اور لیموں کی زیادہ ترشی پٹھوں میں درد کا باعث ہو سکتی ہے۔ لہٰذا اس کا مناسب حد تک یعنی اس کو مقررہ مقدار تک کھانا ہی مفید ہے۔
٭...٭...٭