عظیم مسلم سائنسدان عباس بن سعید الجوہری اور خالد بن عبدالملک المروزی
عباس بن سعید الجوہری مامون الرشید کا غلام تھا۔ مامون اس کو بہت چاہتا تھا اور اپنے پاس اسے رکھتا تھا۔ الجوہری نے علم ہیئت میں مہارت پیدا کر لی تھی۔ اس نے اپنے مالک کو ایک رصد گاہ کی تعمیر پر آمادہ کیا، مامون نے اس کی خواہش کے مطابق دو رصد گاہیں تعمیر کرا دیں جس کے منتظم حکیم یحییٰ منصور تھے۔مامون نے عباس کو آزاد کردیا تھا مگر اس نے مامون کے قریب ہی زندگی گزار دی۔
ابتدائی زندگی، تعلیم و تربیت
عباس بن سعید الجوہری علم ہیئت کا ماہر اور باکمال ریاضی دان تھا۔ عباس الجوہری مامون الرشید کا غلام تھا۔ مامون الرشید اس کو بہت چاہتا تھا اس نے اسے آزاد کردیا، لیکن الجوہری نے مامون سے الگ ہونا پسند نہ کیا اور پوری عمر شاہی محل میں گزاری۔ مامون کے قریب ترین مصاحبوں میں سے تھا۔
الجوہری کی صلاحیتوں اور علمی قابلیت سے مامون متاثر تھا اور اسے ہمیشہ قریب رکھتا تھا۔ عباس الجوہری آرام پسند نہ بنا بلکہ اس نے فرصت کے اوقات سے پورا پورا فائدہ اٹھایا وہ شاہی محل میں مطالعہ میں مصروف رہتا تھا۔
علمی خدمات
اور کارنامے
عباس الجوہری علم ہیئت کا ماہر تھا۔ دربار میں بہت سے قابل لوگ جمع تھے۔ الجوہری نے مامون کو رضد گاہ کے قیام کیلئے مشورہ دیا، مامون خود بھی چاہتا تھا اس لئے فوراً آمادہ ہو گیا۔ الجوہری نے رصد گاہ کیلئے آلات کی صنعت پر توجہ کی کئی آلات اس نے تیار کئے اور آلات رصدیہ کی صفت میں اس نے کمال پیدا کیا۔
مامون الرشید کے حکم سے دور صدگاہیں تعمیر ہوئیں، ایک بغداد میں شماسہ کے مقام پر دوسری ملک شام میں دمشق کے قریب قاسیون میں، دونوں رصد گاہوں کے لئے آلات صدیہ کو نصب کرنا اور ان کی دیکھ بھال الجوہری کے ذمے تھی۔ الجوہری تعمیرات کا نگران بھی تھا۔عباس الجوہری نے اپنے تجربات اور مشاہدات ایک کتاب کی صورت میں مرتب کئے۔
خالد بن عبدالملک المروزی
خالد بن عبدالملک ہیئت دانوں میں مشہور تھا۔ وہ تحقیق اور ریسرچ کے کاموں میں مصروف رہتا تھا اور اس حیثیت سے وہ دربار مامونی میں پہنچا۔ رصد گاہ جب بغداد میں تعمیر ہوئی تو وہ اس کا انچارج تھا۔ پھر جب قاسیون میں ایک اور رصد گاہ تعمیر ہوئی تو اسے انچارج بنا کر قاسیون بھیجا گیا۔ اس نے سورج سے متعلق نئی نئی تحقیقاتی کیں۔ اس نے زیچ مامونی مرتب کیا۔ اس دور میں بیک وقت چار سائنسدان ماہرین کی جماعت موجود تھی، جن کو سائنس کے عناصر اربعہ کہا گیا۔ اس نے 849ء میں وفات پائی۔
ابتدائی زندگی،
تعلیم و تربیت
خالد بن عبدالملک بھی ہیئت دانوں میں مشہور تھا۔ اس کا خاندان بغداد میں پہلے سے علمی حیثیت کا مالک تھا۔ خالد نے اپنے علمی ذوق و شوق نیز محنت اور مستعدی کے سبب اس فن میں کمال پیدا کیا اور کامیاب علمی زندگی گزاری، جب اس کی رسائی دربار میں ہوئی تو اپنی اعلیٰ قابلیت اور عمدہ صلاحیتوں کے سبب وہ ترقی کرکے سائنس دانوں کی جماعت میں شامل ہو گیا۔رصد گاہ جب تعمیر ہو گئی تو سائنس دانوں کی جماعت میں خالد بھی شامل تھا۔ وہ بھی تحقیق اور ریسرچ کے کاموں میں مصروف اور مشغول رہا۔ خالد بڑا خوش قسمت ہے کہ اس نے مامون الرشید المعتصم بن الرشید، الواثق بن العستصم اور آخر میں المتوکل ان سب کا زمانہ دیکھا اور ان سب کے دربار میں وہ عزت کی نظر سے دیکھا جاتا تھا۔خالد کو قاسیون(ملک شام) کی رصدگاہ میں انچارج بنا کر بھیجا گیا اور کچھ روز بعد وہ انتقال کر گیا۔
علمی خدمات اور کارنامے
خالد کو علم ہیئت خصوصاً اجرام فلکی سے بڑی دلچسپی تھی۔ وہ تحقیق و ریسرچ کے کاموں میں ہمیشہ مصروف رہتا تھا۔ اس نے سورج سے متعلق نئی نئی تحقیقات کیں۔حکیم یحییٰ منصور نے جب زیچ مامونی مرتب کی تو خالد کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھایا۔خالد اس دور میں سائنس کے عناصر اربعہ میں شامل تھا۔