آرٹیمس دوم کی لانچ میں تاخیر کیوں؟
اسپیشل فیچر
NASA کا چاند کے گرد انسانی خلائی مشن آرٹیمس دوم ایک بار پھر تکنیکی پیچیدگیوں کے باعث تاخیر کے خدشات سے دوچار ہو گیا ہے۔ خلائی ادارے کے مطابق راکٹ کے نظام میں ہیلیم کے بہاؤ میں تعطل کی نشاندہی کے بعد انجینئرز تفصیلی تکنیکی جائزہ لے رہے ہیں جس کے نتیجے میں مارچ کی تمام ممکنہ لانچ تاریخیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ یہ مشن جدید خلائی تاریخ کے اہم ترین منصوبوں میں شمار کیا جا رہا ہے کیونکہ اس کے ذریعے تقریباً نصف صدی بعد انسانوں کو دوبارہ چاند کے قریب بھیجا جائے گا۔ناسا کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق تکنیکی ماہرین نے راکٹ کے اپر سٹیج کے ایک اہم نظام میں ہیلیم کے بہاؤ میں رکاوٹ دیکھی ہے۔ ہیلیم راکٹ کے پریشرائزیشن نظام کا بنیادی جزو ہوتا ہے جو ایندھن کے ٹینکوں کے دباؤ کو مستحکم رکھنے اور انجن کی کارکردگی کو محفوظ بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ اس بہاؤ میں معمولی سی خرابی بھی لانچ کے دوران خطرات پیدا کر سکتی ہے، اس لیے ناسا اس مسئلے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے۔ادارے نے عندیہ دیا ہے کہ راکٹ اور اورائن خلائی جہاز کو لانچ پیڈ سے واپس وہیکل اسمبلی بلڈنگ منتقل کیا جا سکتا ہے تاکہ مزید جانچ، معائنہ اور ممکنہ مرمت کی جا سکے۔ اس عمل کو خلائی اصطلاح میں ''رول بیک‘‘ کہا جاتا ہے اور یہ عام طور پر اس وقت کیا جاتا ہے جب کسی اہم تکنیکی نظام میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو جائے۔ اگر رول بیک کا فیصلہ حتمی صورت اختیار کرتا ہے تو مارچ میں لانچ منسوخ ہو سکتی ہیں اور مشن کو اپریل یا اس کے بعد کی تاریخوں تک مؤخر کرنا پڑ سکتا ہے۔
آرٹیمس دوم مشن کی اہمیت اس لیے بھی غیر معمولی ہے کہ یہ 1972ء کے بعد انسانوں کو پہلی بار چاند کے قریب لے جانے والا مشن ہو گا۔ آخری بار انسان چاند کے مشن پر اپالو 17 کے ذریعے گئے تھے۔ اس کے بعد طویل عرصے تک انسان بردار قمری مشنز معطل رہے اور خلائی تحقیق زیادہ تر مدار یا غیر عملہ مشنز تک محدود رہی۔ اب آرٹیمس پروگرام کے ذریعے ناسا ایک بار پھر قمری تحقیق کو انسانی سطح پر بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔آرٹیمس مشن میں چار خلا بازوں کو تقریباً دس روزہ سفر پر چاند کے گرد بھیجا جائے گا۔ اگرچہ اس مشن میں چاند پر لینڈنگ شامل نہیں تاہم یہ مستقبل کے قمری لینڈنگ مشنز کے لیے عملی بنیاد فراہم کرے گا۔
حالیہ ہفتوں میں لانچ سے قبل ہونے والی ویٹ ڈریس ریہرسل یعنی لانچ کی مکمل مشق کے دوران مجموعی پیش رفت کو حوصلہ افزا قرار دیا گیا تھا۔ اس عمل میں راکٹ کو حقیقی لانچ کی طرح ایندھن سے بھرا جاتا ہے اور ہر چیز کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ تاہم اس سے قبل ہونے والے ٹیسٹوں میں مائع ہائیڈروجن کے اخراج، سیلز کی تبدیلی اور لانچ کنٹرول سینٹر کے ساتھ عارضی مواصلاتی خلل جیسے مسائل بھی سامنے آئے تھے۔ ناسا کے مطابق ان مسائل کو انجینئرنگ اصلاحات کے ذریعے بڑی حد تک حل کر لیا گیا مگر ہیلیم سے متعلق حالیہ مسئلہ مزید تجزیے کا تقاضا کرتا ہے۔
آرٹیمس دوم مشن میں جدید اورائن خلائی جہاز اور سپیس لانچ سسٹم (SLS) راکٹ استعمال کیا جا رہا ہے جو اب تک تیار کیے گئے طاقتور ترین راکٹس میں شمار ہوتا ہے۔ یہ راکٹ گہرے خلا کے مشنز کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے اور مستقبل میں چاند پر مستقل انسانی موجودگی کے منصوبوں میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔ اس مشن کے ذریعے نہ صرف خلا نوردوں کے لیے گہرے خلا کے سفر کے عملی تجربات حاصل ہوں گے بلکہ طویل المدتی خلائی رہائش اور بین الاقوامی خلائی تعاون کی راہ بھی ہموار ہو گی۔مزید برآں، آرٹیمس پروگرام کا ایک طویل المدتی مقصد چاند پر پائیدار انسانی موجودگی قائم کرنا اور وہاں تحقیقی انفراسٹرکچر کی بنیاد رکھنا ہے۔ اس کے ذریعے مستقبل میں مریخ سمیت دیگر خلائی مشنز کی تیاری میں مدد ملے گی۔ ماہرین کے مطابق چاند کو ایک ٹیسٹنگ گراؤنڈکے طور پر استعمال کیا جائے گا جہاں نئی ٹیکنالوجی، توانائی کے نظام اور انسانی بقا سے متعلق تجربات کیے جائیں گے۔ناسا اس وقت آرٹیمس اول کے ڈیٹا سمیت تمام سابقہ ٹیسٹ ریکارڈز کا تقابلی جائزہ لے رہا ہے تاکہ ہیلیم کے مسئلے کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔