کرکٹ میں سیاست نہیں ،ذاتی مفاد دیکھنا چاہئے ، نجم سیٹھی
بگ تھری معاملے پر تنہا رہ گئے، بھارت سے نہ کھیلنے پر نقصان ہوگا، چیئرمین پی سی بی
کراچی (اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ کھیل میں سیاست کے بجائے ذاتی مفاد دیکھنا چاہئے تمام ممالک سے دو طرفہ سیریز کھیلنا چاہتے ہیں۔ بھارت کے خلاف کرکٹ نہ کھیلنے سے بھاری نقصان ہوگا۔ بگ تھری کے معاملے پر مشاورت کی جائے گی۔ گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگو کر تے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں سیاست کی کوئی اہمیت نہیں ہے بلکہ اپنے مفادات کو مقدم رکھنا چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا کے تقریباً تمام ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ممالک نے بگ تھری کے معاملے پر ڈیل کر لی ہے اورانہیں تینوں بڑے کرکٹ بورڈ ز کی حمایت کرنے کے صلے میں بہت کچھ ملا ہے جبکہ موجودہ منظر نامے میں پی سی بی تنہا رہ گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ بگ تھری ایشو پر بنگلہ دیش کو تو بہت کچھ مل بھی چکا ہے جبکہ جنوبی افریقہ کو ورلڈ کپ کی میزبانی دی جا رہی ہے ۔ آئی سی سی میں تبدیلیوں کے معاملے پر نو کرکٹ بورڈز ایک طرف اور ہم اکیلے کھڑے ہیں۔اس معاملے پر درست موقف اپنانے کیلئے مشاورت کر رکھی ہے اور آئی سی سی کے آئندہ اجلاس میں اس سلسلے میں بات کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ممالک سے مستقبل میں دو طرفہ کرکٹ سیریز کھیلیں گے اور اگر بھارت ہم سے سیریز نہیں کھیلے گا تو کافی نقصان ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشیاء کپ میں پاکستانی ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔