سندھ جونیئر اسپورٹس ایسوسی ایشن کا فزیکل ریفریشر کورس شروع

ابتدائی روز کھیل میں مہارت، تکنیک میں بہتری اور دیگر باتوں سے شرکاء کو آگاہ کیاگیا
کراچی(اسپورٹس رپورٹر)سندھ جونیئر اسپورٹس ایسوسی ایشن اور کسٹمز پریوینٹو کلب اینڈ اسپورٹس کمپلیکس اشتراک سے دوروزہ فزیکل ایجوکیشن ریفریشر کورس کاآغازہوگیا ۔ پہلے دن سندھ بھر کے 110 اساتذہ نے کورس میں شرکت کی جس میں خواتین شرکاء نے ریکارڈ تعداد میں شرکت کی ۔کسٹمزاسپورٹس کمپلیکس میں منعقد کورس کا افتتاح اولمپیئن فرحت خان نے کیا ۔ان کے ساتھ سندھ جونیئر اسپورٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین کامل حسن، عرفان اصغر، کورس ڈائریکٹر گل فرازاحمد خان، آرگنائزنگ سیکریٹری، جاوید اقبال بیگ، کاشف احمد فاروقی، طارق خان اوردیگر بھی موجودتھے ۔ فرحت خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شعبے کی ترقی سنجیدگی محنت اور لگن میں مضمر ہے۔ سندھ جونیئر اسپورٹس ایسوسی ایشن نے یہ کورس منعقد کرکے بچوں اور اساتذہ کو بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا ہے ۔ تقریب سے کورس ڈائریکٹر گل فرازاحمد خان، کامل حسن اور عرفان اصغر نے بھی خطاب کیا۔پہلے دن پروفیسر راشد قریشی، شاہد مسعود، عدنان اشرف، انتصار حیدر،نصرت حسین، محمد ندیم نے لیکچرز دیئے ۔ ابتدائی روز چھ گھنٹے طویل کلاس میں شرکاء کو کھیل میں مہارت، تکنیک میں بہتری، مکمل ٹریننگ ، کوچنگ اسکلز اور اسپورٹس ایڈمنسٹریشن کے حوالے سے لیکچرز دیئے گئے جبکہ ہاکی اور دیگر کھیلوں کے حوالے سے عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔کورس میں آج تحریری ٹیسٹ اور عملی امتحان لیا جائیگا۔ شرکاء میں فرسٹ کلاس کرکٹر حارث ایاز سمیت سیپک ٹاکرا کی انٹرنیشنل کھلاڑی حنا راجپوت اوردیگر شریک ہیں۔ افتتاحی تقریب میں آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران فہمیدہ ضمیر، حمیرا صدیقی، ارم بخاری، شاہین سلطانہ، فرح ریاض، امبر نذیر اور دیگر موجود تھے ۔کورس کے اختتامی روز اسسٹنٹ کلکٹر کسٹمز خالد حسن جمالی مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ عاصم حسین، واصف نثار، کنور محمد آصف، محمد طالب حسین، مظاہر ضیاء اور ڈاکٹر باسط انصاری شرکاء کو لیکچرز دیں گے ۔