بچے کی پیدائش پر پلیئرز کو تنخواہ کیساتھ چھٹی بھی ملے گی

 بچے کی پیدائش پر پلیئرز کو تنخواہ کیساتھ چھٹی بھی ملے گی

پیشہ ور کھلاڑیوں کیلئے جاری پالیسی کا اطلاق ویمنز اور مینز دونوں کرکٹرز پر ہوگا

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے بچوں کی پیدائش پر کھلاڑیوں کو تنخواہ کے ساتھ چھٹی دینے کی پالیسی جاری کردی ہے ۔ پیشہ ور کھلاڑیوں کیلئے جاری کردہ اس پالیسی کا اطلاق ویمنز اور مینز دونوں کرکٹرز پر ہوگا، جو بالترتیب حمل کے دوران اور بچے کی پیدائش کے وقت اس پالیسی سے مستفید ہوسکیں گے ۔خواتین کرکٹرز چاہیں گی تو اپنی زچگی کی چھٹی کے شروع ہونے سے لے کر بچے کی پیدائش تک وہ اپنے لیے نان پلیئنگ رول اختیار کرسکیں گی۔اس موقع پر خواتین کھلاڑی تنخواہ کے ساتھ 12 ماہ کی چھٹی اور کنٹریکٹ کی معیاد میں ایک سالہ توسیع کی حقدار بھی ہوں گی۔ اگر کسی خاتون کرکٹر کو کرکٹ کی کسی سرگرمی کے سلسلے میں سفر کرنا پڑتا ہے تو اسے اپنے نوزائیدہ بچے کی دیکھ بھال کے لیے من پسند فرد کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔ وہ مینز کرکٹر جو کسی بچے کے والد بنتے ہیں تو وہ بھی مکمل تنخواہ کے ساتھ 30 دن تک چھٹی لینے کے حقدار ہوں گے تاہم انہیں یہ چھٹی اپنے بچے کی پیدائش کے 56 روز کے اندر حاصل کرنی ہوگی۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہر موقع پر اپنے کرکٹرز کا خیال رکھنا پی سی بی کا فرض ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں