عثمان قدر کیلئے کیویز کیخلاف سیریز پر حکمرانی کا سنہری موقع

عثمان قدر کیلئے کیویز کیخلاف سیریز پر حکمرانی کا سنہری موقع

پریکٹس میچ کھیلنا حریف ٹیم سے مقابلے کیلئے بہت زیادہ کارآمد ہوگا،سعود شکیل

راولپنڈی(اسپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر عثمان قادر کیویز کیخلاف سیریز کو حکمرانی کا سنہری موقع خیال کر رہے ہیں تو بائیں ہاتھ کے بیٹسمین سعود شکیل کا کہنا ہے کہ پریکٹس میچ کھیلنا حریف ٹیم سے مقابلے کیلئے بہت زیادہ کارآمد ہوگا۔پی سی بی ڈیجیٹل پر جاری شدہ گفتگو میں عثمان قادر کا کہنا تھا کہ وہ ہر ممکن طور پر ہوم سیریز کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں اور انہوں نے پریکٹس کے دوران پہلے دن سے اندازہ کیا ہے کہ راولپنڈی کی وکٹ مددگار ثابت ہوگی جبکہ سیریز کے باضابطہ آغاز سے پہلے یہاں مشقیں کرنے کا جتنا زیادہ موقع اس سے تیاریوں میں مدد مل جائے گی۔لیگ اسپنر کا کہنا تھا کہ کیوی ٹیم اٹھارہ سال کے بعد پاکستان کے دورے پر آئی ہے اور یہ سنہری موقع ہے کہ اس کیخلاف ہوم کنڈیشنز میں مکمل حکمرانی قائم کی جائے ۔عثمان قادر کے مطابق وہ اپنی ٹی ٹوئنٹی کی عمدہ فارم کو ون ڈے سیریز تک منتقل کرنا چاہتے ہیں جس کیلئے ثقلین مشتاق بھی ان کی ہرممکن طور پر مدد کر رہے ہیں اور شاداب خان،زاہد محمود یا انہیں کوئی مسئلہ درپیش ہوتا ہے تو وہ اسے اپنے تجربے کی مدد سے حل کر دیتے ہیں۔لارڈز کے میدان پر انگلینڈ کیخلاف ففٹی بنانے والے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین سعود شکیل کا کہنا تھا کہ ہوم سیریز سے قبل ہر کھلاڑی اپنے مقاصد کا تعین کرتا ہے لہٰذا وہ بھی بے خوف ہو کر دور جدید کی جارحانہ کرکٹ کھیلنے کیلئے تیار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ٹریننگ سیشن کے دوران پریکٹس میچ کا انعقاد ان کیلئے حریف ٹیم سے مقابلے کیلئے کارآمد ثابت ہوگا کیونکہ اس کا معیار انٹرنیشنل میچ جیسا ہی تھا اور خوشی کی بات یہ ہے کہ انہیں اہم لمحات میں بیٹنگ کا موقع مل گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں