جونیئر ہاکی ورلڈ کپ:پاکستانی مہم جوئی24نومبر کو شروع

جونیئر ہاکی ورلڈ کپ:پاکستانی مہم جوئی24نومبر کو شروع

جرمنی سے پہلی آزمائش درپیش،رواں ماہ کے اختتام پر ٹیم کی تشکیل کیلئے ٹرائلز

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ شیڈول کا اعلان کردیا جہاں پاکستانی ٹیم 24 نومبر کو اپنی مہم جوئی کا آغاز کرے گی جبکہ رواں ماہ کے اختتام پر ٹیم کی حتمی تشکیل کیلئے ٹرائلز ہوں گے ۔بھارت کے شہر بھوبانیشور میں 24 نومبر سے 5 دسمبر تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں 16 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے مطابق پول اے میں بلجیم، ملائیشیا، جنوبی افریقہ اور چلی، پول بی میں بھارت ، کینیڈا، فرانس اور پولینڈ، پول سی میں ہالینڈ، اسپین، کوریا اور امریکا جبکہ پول ڈی میں پاکستان،جرمنی، ارجنٹائن اور مصر کی ٹیمیں شامل ہیں۔پاکستانی ٹیم دوسرا میچ 27 نومبر کو مصر اور راؤنڈ کا آخری میچ ارجنٹائن کیخلاف 28 نومبر کو کھیلے گی اور ایک روز آرام کے بعد 30 نومبر سے دوسرا مرحلہ شروع ہوگا۔دوسری جانب جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے قومی جونیئر اسکواڈ کی حتمی تشکیل کیلئے دوروزہ ٹرائلز30اور31اکتوبر کو کراچی کے عبدالستار ایدھی اسٹیڈیم میں ہوں گے جہاں اولمپیئن منظور جونیئر کی سربراہی میں قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے کر حتمی اسکواڈ منتخب کرے گی جسے حتمی منظوری کیلئے صدر پی ایچ ایف بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) خالد سجاد کھوکھر کو ارسال کیا جائے گا۔واضح رہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی میں سابق اولمپیئنز کلیم اللہ، ناصرعلی،ایاز محمود،خالد حمید اور وسیم فیروز بھی شامل ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں