قومی ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ میں بڑی تبدیلیوں کا امکان

قومی  ٹیم کے  سینٹرل  کنٹریکٹ  میں  بڑی  تبدیلیوں  کا امکان

کراچی (اسپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں20 فیصد اضافے کا امکان ہے ۔ریڈبال اور وائٹ بال کیٹگریز کو بھی جاری رکھا جائے گا۔

 اے ، بی، سی کے علاوہ ایمرجنگ کیٹگری بھی معاہدے میں شامل ہو گی۔فاسٹ بالر نسیم شاہ ریڈ اور وائٹ دونوں کیٹگریز کا حصہ ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق قومی کھلاڑیو ں سے پی سی بی کا سالانہ معاہدہ 30 جون کو ختم ہورہا ہے لہٰذانئے سینٹرل کنٹریکٹ پر مشاورت جاری ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ کپتان بابراعظم سے وطن واپسی پر مشاورت کے بعد خوش قسمت کھلاڑیوں کی حتمی فہرست تیار کرکے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کو منظوری کیلئے پہنچادی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں وسیع پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے ، کئی کھلاڑیوں کی ترقی و تنزلی ہوگی جبکہ بعض کھلاڑی سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم ہوں گے ۔ریڈبال اور وائٹ بال کیٹگری کو جاری رکھنے پر بھی مشاورت ہورہی ہے ۔ گزشتہ برس پی سی بی نے ریڈ بال اور وائٹ کرکٹ کی الگ الگ کیٹگریز متعارف کرائی تھیں۔ ریڈ اور وائٹ بال میں اے ، بی، سی کے علاوہ ایمرجنگ کیٹگری شامل ہے۔ واضح رہے کہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی مدت 21 جون کو ختم ہورہی ہے ،اس سے قبل سینٹرل کنٹریکٹ پانے والے کرکٹرز کا اعلان کردیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سابق کپتان اظہر علی ریٹائر ہونے پر کنٹریکٹ سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ فواد عالم، یاسر شاہ، حیدر علی، نعمان علی، خوشدل شاہ، عابد علی ،عثمان قادر ،زاہد محمود کا معاہدہ برقرار رکھنامشکل ہے ۔ حارث رؤف اور نسیم شاہ کو سینٹرل کنٹریکٹ میں ترقی ملے گی جبکہ بابراعظم ،محمد رضوان، شاہین آفریدی، شاداب خان ، فخر زمان اے کیٹگری میں برقرار رہیں گے ۔ افتخار احمد، صائم ایوب، احسان اللہ، اسامہ میر، محمد حارث اور زمان خان سالانہ معاہدہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق سابق کپتان سرفراز احمد بھی ریڈ بال کیٹگری کا بدستور حصہ رہیں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ چیف سلیکٹر ہارون رشید یکم جولائی سے شروع ہونے والے سینٹرل کنٹریکٹ پر کام کررہے ہیں، ابتدائی مرحلے میں ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر، ہیڈکوچ گرانٹ بریڈ برن اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز عثمان واہلہ سے تبادلہ خیال کیا گیاہے ۔ سینٹرل کنٹریکٹ کی فائنل لسٹ جاری کرنے سے قبل کپتان بابر اعظم کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں