ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان ، سلیکشن کمیٹی کا حسن علی پر بھروسہ

ورلڈکپ کیلئے  قومی  ٹیم  کا اعلان  ،  سلیکشن  کمیٹی  کا  حسن  علی  پر بھروسہ

لاہور (سپورٹس ڈیسک)ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی بابر اعظم ہی کریں گے جبکہ شاداب خان نائب کپتان ہوں گے ۔

فاسٹ بالر نسیم شاہ کی جگہ حسن علی کو سکواڈ کا حصہ بنایا گیاہے۔ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سکواڈ میں بابر اعظم، شاداب خان، امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، افتخار احمد، شاہین آفریدی، محمد نواز، محمد رضوان، وسیم جونیئر، حسن علی، سعود شکیل، سلمان آغا اور اسامہ میر کو شامل کیا گیا ہے ۔سکواڈ میں محمد حارث، ابرار احمد اور زمان خان کو ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے ۔چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پریس کانفرنس کر تے ہو ئے بتایا کہ حسن علی کو تجربے کی بنیاد پر سکواڈ میں دوبارہ شامل کیا گیا ہے ،نسیم شاہ کا ٹیم میں نہ ہونا ہمارے لیے نقصان ہے لیکن پرامید ہیں کہ وہ جلد ہی ٹیم میں واپس آئیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ فاسٹ با لنگ میں ہمارے پاس آپشن تھوڑے کم ہیں، حسن علی تجربہ کار با لرہیں، یہ بات درست ہے کہ کچھ عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلے لیکن میگا ایونٹس میں پاکستان کے لیے کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔انضمام الحق نے کہا کہ نسیم شاہ باہر ہوئے ، ہمیں ایسا با لر چاہیے تھا، جو نئی گیند سے با لنگ کر سکے ، تو میرا خیال ہے کہ حسن علی بہترین چوائس ہے ، یہ پرانی گیند سے بھی اچھی با لنگ کرتے ہیں اور ان کے آنے سے ٹیم میں انرجی آتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اس بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ ہمارے سپنرز کو درمیانی اوورز میں وکٹیں لینی چاہئیں، ان کی ایسی کارکردگی نہیں ہے ، یہ بڑا میجر پوائنٹ ہے ، ہمارے سپنرز کو اس پر محنت کرنا پڑے گی کیونکہ درمیانی اوورز میں سپنرز کا پرفارم کرنا بہت ضروری ہے ۔ سلیکشن میرے پاس ہے لیکن میں کسی کیلئے دروازے بند نہیں کر سکتا، ہر ایک کیلئے سلیکشن اوپن ہے ، سرفراز احمد اور عماد وسیم کیلئے بھی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں