ٹی20 ورلڈکپ: افغانستان کا اپ سیٹ ، آسٹریلیا کو ہرا کراگر مگر میں پھنسا دیا

ٹی20 ورلڈکپ: افغانستان کا اپ سیٹ ، آسٹریلیا کو ہرا کراگر مگر میں پھنسا دیا

کنگز ٹاون (سپورٹس ڈیسک )ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپرایٹ راؤنڈ میں ایونٹ کے 48 ویں میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کے خلاف 21 رنز سے کامیابی حاصل کرکے اپ سیٹ کردیا ۔۔

یہ افغانستان کی آسٹریلیا کے خلاف کسی بھی فارمیٹ پہلی فتح بھی ہے ۔سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ون میں شامل دونوں ٹیموں کا مقابلہ کنگسٹن میں ہواجہاں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، جس کے بعد افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6وکٹوں پر 148رنزبنائے ۔افغانستان کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے 118 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، رحمت اللہ گرباز 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ابراہیم زردان 51 اور کریم جنت 13 رنز بنا کر پویلین لوٹے ، محمد نبی 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے 3وکٹیں لیں جو ان کی ہیٹرک بھی تھی ، ایڈم زمپا نے 2 اور سٹوئنس نے 1 وکٹ حاصل کی۔ بیٹنگ کے بعد افغان باؤلرز نے بھی اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور پہلے ہی اوور میں نوین الحق نے ٹریوس ہیڈ کی وکٹ حاصل کر کے آسان نظر آنیوالے ہدف کو مشکل بنانے کی ابتدا کر دی۔اس کے بعد بھی پورے میچ میں افغان باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کی اور آسٹریلوی بیٹرز کو جم کر کھیلنے نہ دیا۔آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ 59 رنز گلین میکس ویل نے بنائے جبکہ مچل مارش 12 اور مارکس سٹوائنس 11 رنز بنا سکے ،ان 3 بیٹرز کے علاوہ کوئی اور آسٹریلوی بیٹر ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکااورآسٹریلوی ٹیم 19.2 اوورز میں 127 رنز بناکرآل آؤٹ ہوگئی ۔پلیئرآف دی میچ گلبدین نائب نے 20 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نوین الحق نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس صورتحال میں افغانستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے چانسز بہت روشن ہوگئے ،اب اگر آسٹریلیا بھارت سے میچ ہار جائے تو افغانستان سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا ،افغانستان ،بھارت اور آسٹریلیا کو ابھی ایک ایک میچ کھیلناہے جس سے ان کا نیٹ رن ریٹ تبدیل ہوگا جس سے گروپ میں صورتحال مزید دلچسپ ہوسکتی ہے تاہم اس اپ سیٹ نے آسٹریلیا کو اگرمگر کی صورتحال سے دوچار کردیاہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں