ہانگ کانگ سپر سکز : پاکستان سیمی فائنل میں ، بھارت ایونٹ سے باہر

ہانگ  کانگ  سپر  سکز :  پاکستان  سیمی  فائنل  میں  ،  بھارت  ایونٹ  سے  باہر

ہانگ کانگ(سپورٹس ڈیسک )ہانگ کانگ ورلڈ سپر سکسز ٹورنامنٹ میں پاکستان نے مسلسل تیسرا میچ جیت کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔۔

 جبکہ متحدہ عرب امارات نے بھارت کو 1 رن سے شکست دے کر ایونٹ سے باہرکردیا۔مونگ کوک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے دوسرے کوارٹر فائنل میں جنوبی افریقہ کو 17 رنز سے شکست دیکر ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 6 اوورز میں 105 رنز بنائے ، گرین شرٹس کی جانب سے کپتان فہیم اشرف اور آصف علی صفر پر پویلین لوٹے تاہم محمد اخلاق نے جارحانہ بلے باز کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 گیندوں پر 7 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی، اسی طرح حسین طلعت 27 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں آغاز اچھا نہ رہا، کپتان جے جے اسٹمس 6 جبکہ جیکس سنیمن 5 رنز بناسکے ، ایوان جونز نے 46 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی تاہم ٹیم کو میچ جتوانے میں کامیاب نہ ہوسکے ۔دریں اثنا متحدہ عرب امارات نے بھارت کو شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔ یو اے ای نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 130 رنز بنائے ،ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 129 رنز بنا سکی اور یوں 1 رن سے ہار کر گھرواپس لوٹ آئی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں