عمر گل بنگلہ دیش کے بولنگ کوچ کیلئے مضبو ط امیدوار

لاہور(سپورٹس ڈیسک ) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو قومی ٹیم کے لیے بولنگ کوچ کی تلاش ہے کیونکہ بورڈ موجودہ بولنگ کوچ کی کارکردگی سے مطمئن نہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عمر گل زمہ داریاں سنبھالنے کے لیے مضبوط اُمیدوار ہیں جبکہ آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر شان ٹیٹ بھی دوڑ میں شامل ہیں۔ ذرائع نے کہاہے کہ بی سی بی موجودہ کوچ آندرے ایڈمز کی جگہ نئے بولنگ کوچ کی تقرری کرنا چاہتا ہے ۔ کوچ آندرے ایڈمز کی کارکردگی پر اطمینا ن کا اظہار نہیں کیا جا رہا، نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ بولر کا فروری 2026 تک معاہدہ ہے ۔خیال رہے کہ عمر گل پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کا تجربہ رکھتے ہیں اور افغانستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں جبکہ شان ٹیٹ بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ بولنگ کوچ کی ذمہ داری نبھا چکے ہیں۔