ڈیرن گوف کی ناگزیز مصروفیات، لاہور قلندرز کو دستیاب نہ ہونگے

لاہور(سپورٹس ڈیسک )انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولرڈیرن گوف ذاتی وجوہات کی بنا پر پی ایس ایل سیزن 10 کے لیے لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کیلئے دستیاب نہیں ہونگے ۔
لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) ثمین رانا نے کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ ڈیرن اس سیزن میں ہمارے ساتھ شامل نہیں ہو سکیں گے ۔ ہم ان کے ساتھ کام کرنے کے منتظر تھے ، ہم ان کی مصروفیات کو مکمل طور پر سمجھتے اور ان کا احترام کرتے ہیں۔ ڈیرن گوف ہمیشہ لاہور قلندرز فیملی کا ایک اہم حصہ رہیں گے اور ہم ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ایک بیان میں ڈیرن گوف نے بھی اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے اور قلندرز کے لیے افسوسناک خبر ہے کہ میں اس سال پی ایس ایل کے لیے دستیاب نہیں ہو سکوں گا کیونکہ میری کچھ ناگزیر ذاتی مصروفیات آڑے آ گئیں، تاہم میری نیک خواہشات ٹیم کے ساتھ ہیں کیونکہ جو ایک بار قلندر ہوتا ہے ، وہ ہمیشہ قلندر رہتا ہے ۔ میرا وقت ٹیم کے ساتھ اور ثمین کے ساتھ کام کرتے ہوئے شاندار رہا اور جن کھلاڑیوں کو ہم نے ڈرافٹ میں حاصل کیا وہ بالکل وہی تھے ، جن کی ہمیں ضرورت تھی۔ امید ہے کہ یہ سب ٹیم کے لیے زبردست کامیابی میں تبدیل ہوگا، میں آپ سب سے مستقبل میں ضرور ملوں گا اور امید ہے کہ اگلے سال پی ایس ایل میں واپسی ہوگی۔لاہور قلندرز جلد ہی پی ایس ایل 10 کے لیے نئے ہیڈ کوچ کا اعلان کرے گی۔