پی ایس بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو نقد انعامات دینے کی تقریب

پی ایس بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو نقد انعامات دینے کی تقریب

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر) وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اﷲ خان نے کہا ہے کہ کھیلوں کے شعبے میں پاکستان کے اندر یا عالمی سطح پر نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کیلئے نقد انعام کو بڑھا کر ایک ملین تا 20 ملین کر دیا گیا ہے ۔۔

حکومت باصلاحیت کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی تاکہ پاکستان کھیلوں کے میدان میں عالمی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کرے ۔ وہ پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کو نقد انعامات دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے 32 کھلاڑیوں اور کوچز میں 2 کروڑ 7 لاکھ سے زائد کے کیش ایوارڈ تقسیم کیے اور کہا کہ اولمپیکس میں ارشد ندیم کی جانب سے شاندار کامیابی کے بعد وزیراعظم نے ارشد ندیم کو وزیراعظم ہائوس بلوا کر انہیں زبر دست خراج تحسین پیش کر کے کھلاڑیوں کی عزت دی ہے ۔ وزیراعظم کی ہدایات پر ملک گیر سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کے لئے بہت سی سہولیات کو اپ گریڈ کیا گیا ہے ۔ رانا ثناءﷲ خان نے ، وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی اور ڈی جی پی ایس بی یاسر پیرزادہ کے ہمراہ براؤن میڈلز جیتنے والے انیس علی شاہ، عبداللہ نواز، سکھی اللہ ترین اور نعمان خان کو فی کس 3 لاکھ 75 ہزار روپے ، کوچز فہیم گل خان اور فراز احمد کو فی کس 1 لاکھ 25 ہزار روپے ، جبکہ گولڈ میڈل جیتنے پر نور زمان کو 50 لاکھ روپے اور ان کے کوچنگ سٹاف کو فی کس 8 لاکھ 33 ہزار 333 روپے ،انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ 2025 میں گولڈ، سلور اور براؤن میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں ہارون خان، ابوبکر صدیق، شاہ زیب خان، غلام محمد، محمد طیب، نعمان خان، حسین انجم، مظہر عباس، فیضان جنید، اور فاطمتہ الزہرہ سمیت کوچنگ سٹاف کو بھی لاکھوں روپے کے نقد انعامات سے نوازا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں