حکومت کا سیف گیمز آئندہ سال مارچ میں کروانے کا اعلان
گیمز 23 سے 31 مارچ تک ہونگی،سا ؤتھ ایشین اولمپک کونسل اجلاس میں فیصلہ
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)ساؤتھ ایشین گیمز کے پاکستان کے انعقاد کے حوالے سے حکومت نے حتمی فیصلہ کرتے ہوئے 14ویں سیف گیمز آئندہ سال مارچ میں کروانے کا اعلان کرتے ہوئے ساؤتھ ایشین اولمپک کونسل کو مکمل یقین دھانی کروا دی جبکہ سیف گیمز 23سے 31 مارچ 2027 تک پاکستان میں ہی منعقد ہوں گے ۔ یہ فیصلہ ساؤتھ ایشین اولمپک کونسل کے اجلاس میں متفقہ طور پر کیا گیا، جو اولمپک کونسل آف ایشیا کی 46ویں جنرل اسمبلی کے موقع پر تاشقند میں منعقد ہوا۔اجلاس میں صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور ساؤتھ ایشین اولمپک کونسل عارف سعید شریک ہوئے جبکہ حکومتِ پاکستان کی نمائندگی وفاقی سیکرٹری وزارتِ بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی نے کی۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل پی او اے خالد محمود بھی موجود تھے ۔ساؤتھ ایشین اولمپک ممالک نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ سیف گیمز کا انعقاد پاکستان میں ہی ہوگاجبکہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو انتظامی اور لاجسٹک وجوہات کی بنیاد پر شیڈول میں ایک ہفتے تک ردوبدل کا اختیار بھی دیا گیا ہے ۔اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تمام کھیلوں کے مقابلے اور ایونٹس وہی ہوں گے جو فروری 2025 میں لاہور میں ہونے والے ساؤتھ ایشین اولمپک کونسل کے ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں طے کیے گئے تھے ۔