آسٹریلیا میں سڑکوں پر رہے ، مورال ختم ہوچکا تھا:ہاکی کھلاڑی
صبح اُٹھ کر کچن ،برتن صاف کرنے کے بعد کھلاڑی کیا کھیلے گا؟ ،کپتان عماد بٹ ہوٹل کی بکنگ کرائی تھی ہاکی فیڈریشن نے کینسل کرادی،ڈی جی سپورٹس بورڈ وزیراعظم شہباز کا بدانتظامی پرنوٹس ،پی ایچ ایف کاایسارویہ قبول نہیں :راناثنا
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے کہاہے کہ آسٹریلیا میں سڑکوں پر رہے ، ٹیم کا مورال ختم ہوچکا تھا۔ کپتان عماد بٹ نے کہا موجودہ ہاکی مینجمنٹ کے ساتھ بالکل کام نہیں کرسکتے ، ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں سے بہت جھوٹ بولا، صبح اُٹھ کر کچن اور برتن صاف کرنے کے بعد کھلاڑی میدان میں کیا کھیلے گا؟ جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ہاکی میں بدانتظامی کا نوٹس لے لیا ہے ۔قومی ٹیم کی آسٹریلیا سے وطن واپسی پر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان عماد بٹ نے کہا ٹیم کو غیر ملکی کوچ کی شدید ضرورت ہے ۔اپنے کھلاڑیوں پر اعتماد ہے ، زیادتی کا نوٹس لیا جائے ۔ ہم سے یہ کہا گیا کہ باہر کوئی بات نہ کریں ورنہ پابندی لگ جائے گی، طاہر زمان اور دیگر افراد نے جو باتیں کی ہیں وہ سب بے بنیاد اور جھوٹ ہیں۔
سپانسر ڈھونڈنا پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کام ہے ، میرا نہیں ، ہمارے ساتھ بہت جھوٹ بولے گئے ، مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاپاکستان ہاکی فیڈریشن کا کوڈ آف کنڈکٹ میں نہیں مانتا۔ دیگر کھلاڑیوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں سڑکوں پر رہے ، ٹیم کا مورال ختم ہوچکا تھا۔ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ نورالصباح نے کہا ہم نے آسٹریلیا میں ہوٹل کی بکنگ کرائی تھی لیکن ہاکی فیڈریشن نے کینسل کرادی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن ذمہ دار ہے ، واقعے کی مکمل انکوائری وزیراعظم کو بھیجی جائے گی، اگر خوراک اور رہائش ٹھیک نہیں ہوگی تو کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر اثر پڑتا ہے ۔ دوسری جانب وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈویژن رانا ثنا اللہ نے بھی دورہ آسٹریلیا کے دوران پی ایچ ایف کی مبینہ بدانتظامی کا نوٹس لیتے ہوئے پی ایچ ایف انتظامیہ کو واضح پیغام دیا کہ ایسا رویہ ہرگز قابل قبول نہیں اور اسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔