سیم بلنگز نے پی ایس ایل کو کیریئر کی ترقی قرار دے دیا
سیم بلنگز نے پی ایس ایل کو کیریئر کی ترقی قرار دے دیا انگلش کرکٹر کی پاکستان کی مہمان نوازی، ٹیلنٹ۔لیگ کے معیار کی تعریف
لاہور (سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ کے مایہ ناز کرکٹر سیم بلنگز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اپنے تجربات کو یادگار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لیگ نہ صرف عالمی معیار کی کرکٹ پیش کرتی ہے بلکہ کھلاڑیوں کی پیشہ ورانہ ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔انہوں نے پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پی ایس ایل کے ابتدائی سیزن کے پہلے میچ میں شرکت کا اعزاز بھی حاصل ہے ، پی ایس ایل پہلا فرنچائز ٹورنامنٹ تھا جس میں میں نے شرکت کی ۔ 2016ء میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ملنے والے ابتدائی موقع کا ہمیشہ شکر گزار رہوں گا ۔ مجھے یہاں کی مہمان نوازی بہت پسند ہے اور پاکستان میں وقت گزارنا اچھا لگتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ایس ایل میں اوورسیز کھلاڑیوں کا معیار بہت شاندار ہے ، دنیا بھر سے بڑے کھلاڑی پی ایس ایل میں شرکت کر رہے ہیں ۔ پی ایس ایل جیسے فرنچائز ٹورنامنٹس نے مجھے اپنے کرکٹ کیریئر کی ترقی میں اور اعلیٰ سطح کی کرکٹ کھیلنے کا موقع دیا ۔ میں کوشش کرتا ہوں کہ مثبت رویہ رکھوں اور خود کو پاکستانی ثقافت میں ڈھالوں ۔ مقامی زبان (اردو)سیکھنا مزیدار ہے اور اس سے ٹیم کے ساتھیوں کے ساتھ تعلق مضبوط ہوتا ہے ۔