سابق کرکٹر شاپور زدران آئی سی یو میں داخل،آفرید ی مددکوتیار
لاہور(سپورٹس ڈیسک )افغانستان کے سابق کرکٹر شاپور زدران ایک سنگین طبی پیچیدگی کے باعث اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل ہیں۔38 سالہ شاپور زدران کی طبی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔
ان کے اہلِ خانہ نے بھی سوشل میڈیا پر ان کی صحت کے حوالے سے اپڈیٹس شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کی ہے ۔ادھرقومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کرکٹر شاپور زدران کی صحت کے حوالے سے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ہر قسم کی مدد کی پیشکش بھی کی ہے ۔ شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ آج شاپور زدران کے بھائی سے گفتگو ہوئی اور سابق کرکٹر کی حالت کے بارے میں سن کر بے حد افسوس ہوا۔شاہد آفریدی نے لکھا کہ آپ میدان میں ہمیشہ ایک فائٹر رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ آپ اس مشکل سے بھی اسی حوصلے کے ساتھ لڑیں گے ۔ آپ کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔ پاکستان اور میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، اگر کسی بھی مدد کی ضرورت ہو تو میں ہمیشہ موجود ہوں۔واضح رہے کہ شاپور زدران نے 2025ء میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔