ساؤتھ افریقہ میں ٹریننگ کی کوشش کروں گا:ارشدندیم
لاہور(سپورٹس ڈیسک )اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولین تھرور ارشد ندیم نے کہاہے کہ آنے والے چند ماہ ایونٹس کے حوالے سے بڑے اہم ہیں، کامن ویلتھ گیمز میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنا ہے۔
ایشین گیمز سمیت ڈائمنڈ لیگز میں شرکت کرنا ہے جس کے لیے بھرپور تیاری کر رہا ہوں۔ ، فٹنس پر کام کیا ہے ، ابھی مکمل طور پر فٹ ہوں، دعا ہے کہ اللّٰہ پاک آگے بھی فٹ ہی رکھے ۔ قطر میں ڈائمنڈ لیگ مئی میں شیڈول تھی اس کے لیے بھرپور تیار تھا لیکن خطے میں کشیدہ حالات کی وجہ سے ملتوی ہو گئی اور وہ اب جون میں کھیلی جائے گی۔ اس لیے اب قطر ڈائمنڈ لیگ ایک مہینہ لیٹ ہونے سے ٹریننگ کے لیے مزید وقت مل گیا ہے ۔ ہمیشہ کی طرح سب سے دعاؤں کی درخواست ہے تاکہ فٹ رہ کر پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کروں۔اپنے اہداف کے بارے میں انہوں نے کہا کہ میرا ہدف کامن ویلتھ گیمز، ورلڈ ایتھلیٹکس الٹیمیٹ شپ اور ایشین گیمز ہیں، ڈائمنڈ لیگز ساتھ ساتھ چل رہی ہے ان میں بھی حصہ لوں گا۔ پاکستان میں پیدا ہوا ہوں اسی مٹی سے پیار ہے لیکن زیادہ گرمی کی وجہ سے ایک دو مہینے کے لیے ساؤتھ افریقہ میں ٹریننگ کرنے کی کوشش کروں گا۔