فٹبال میں سیاست ، مختص ایرانی ٹکٹ واپس لے لئے گئے
اقدام شریک ممالک کے درمیان مساوات کے منافی،ایرانی فٹبال فیڈریشن
تہران (سپورٹس ڈیسک)فیفا ورلڈکپ بھی سیاست سے پاک نہ رہ سکا، ایرانی شائقین کے لیے مختص ٹکٹس واپس لے لئے گئے ۔ ایران فٹبال فیڈریشن نے دعویٰ کیا ہے کہ ورلڈکپ کے آغاز سے چند روز قبل اس کے حصے کے ٹکٹ واپس لے لئے گئے ہیں، جس کے باعث وہ ایرانی شائقین جو پہلے ہی سفر اور دیگر انتظامات مکمل کر چکے تھے ، اب اپنی ٹیم کے میچز دیکھنے سے محروم ہو سکتے ہیں۔ فیڈریشن کے جاری بیان کے مطابق ایران کے میچز کے لئے ٹکٹوں کی فروخت کا عمل شروع کیا جا چکا تھا تاہم اچانک یہ مختص ٹکٹ دستیاب نہ رہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ متعدد مداح سرکاری طریقہ کار پر اعتماد کرتے ہوئے سفری منصوبے بنا چکے تھے ، اس لیے یہ فیصلہ ان کے لیے شدید مایوسی کا باعث بنا ہے۔ایرانی فٹبال فیڈریشن نے اس اقدام کو بین الاقوامی کھیلوں کے اصولوں اور شریک ممالک کے درمیان مساوات کے منافی قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ ٹورنامنٹ کی تنظیم میں سیاسی عوامل اثر انداز ہو رہے ہیں۔واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے قواعد کے تحت ہر شریک ملک کو اپنے ہر میچ کے لیے تقریبا 8 فیصد ٹکٹ ملتے ہیں۔