واہ کینٹ میں پہلی نیشنل فل کانٹیکٹ کراٹے چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد
راولپنڈی (سپورٹس رپورٹر) پاکستان فل کانٹیکٹ کراٹے اور پی او ایف سپورٹس بورڈ کے اشتراک سے پہلی نیشنل فل کانٹیکٹ کراٹے چیمپئن شپ پی او ایف سپورٹس کمپلیکس واہ کینٹ میں ہوئی۔
جس میں چیمپئن شپ میں لڑکیوں کی تین جبکہ لڑکوں کی چار ویٹ کیٹیگریز میں پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد کی ٹیموں کے 140 سے زائد کھلاڑیوں اور آفیشلز نے شرکت کی۔ مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر سپورٹس و سیکرٹری سپورٹس بورڈ واہ کینٹ نے چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور کیش انعامات جبکہ آفیشلز میں اعزازی شیلڈز تقسیم کیں۔ لڑکیوں کی ویٹ کیٹیگریز میں ماہ نور باجوا (45- کلوگرام)، تسمیہ منیر (55- کلوگرام) اور میرب شہزاد (55+ کلوگرام) قومی چیمپئن قرار پائیں۔لڑکوں کی ویٹ کیٹیگریز میں پنجاب کے بابر علی (50- کلوگرام)، خیبر پختونخوا کے عابد رضا (60- کلوگرام)، آزاد کشمیر کے راجہ عدیل (70- کلوگرام) جبکہ 70+ کلوگرام ہیوی ویٹ کیٹیگری میں اسلام آباد کے مجیب اللہ نے ایک بار پھر نیشنل چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔