ویسٹ انڈیز کا سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریزکیلئے سکواڈ کا اعلان
ویسٹ انڈیز کا سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریزکیلئے سکواڈ کا اعلان شمر اور الزاری کی واپسی،کپتان روسٹن چیس بدستور ٹیم کی قیادت کر ینگے
لاہور(سپورٹس ڈیسک )ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کے خلاف آئندہ دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) سیریز کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں فاسٹ بولرز شمر جوزف اور الزاری جوزف کی واپسی ہوئی ہے ۔دونوں فاسٹ بولرز جولائی 2025 کے بعد پہلی بار ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بنے ہیں جس سے ویسٹ انڈیز کی بولنگ لائن مزید مضبوط ہو گئی ہے ۔ کیریبین ٹیم موجودہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے کی کوشش کریگی ،کپتان روسٹن چیس بدستور ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ جوشوا ڈا سلوا اور عامر جانگو کو بھی شاندار ڈومیسٹک کارکردگی کی بدولت دوبارہ قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ سکواڈمیں روسٹن چیس (کپتان)، جان کیمبل، ٹیگنارائن چندرپال، جوشوا ڈا سلوا، جسٹن گریوز، کیوم ہوج، شائے ہوپ، عامر جانگو، الزاری جوزف، شمر جوزف، برینڈن کنگ، اینڈرسن فلپ، کیمار روچ، جیڈن سیلز اور جومیل واریکن شامل ہیں۔ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ ڈیرن سمی نے سکواڈ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر ٹیسٹ سیریز ٹیم کے لیے ترقی اور اپنی شناخت مضبوط بنانے کا موقع ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا سری لنکا ایک مضبوط ٹیم ہے اس لیے ہمیں اپنی بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی لیکن ہم اس چیلنج کے لیے پُرجوش ہیں۔واضح رہے کہ سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ 25 سے 29 جون جبکہ دوسرا ٹیسٹ 3 سے 7 جولائی تک جاری رہے گا۔