قازقستانی کوچز کی زیر نگرانی باکسنگ ڈویلپمنٹ کلینک کا آغاز
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام قومی باکسرز اور کوچز کی مہارتوں اور تکنیکی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں باکسنگ ڈویلپمنٹ کلینک کا آغاز ہو گیا۔
پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر لیفٹیننٹ کرنل (ر) ناصر اعجاز تنگ کے مطابق رواں سال پاکستان اور قازقستان کے درمیان حکومتی سطح پر ہونے والے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت قازقستان کے دو نامور کوچز قومی باکسرز اور کوچز کو دو سیشنز میں تربیت فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس شراکت داری کے تحت پاکستانی باکسرز اور کوچز کو قازقستان کے معروف باکسنگ نظام سے سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کا موقع ملے گا۔ناصر اعجاز تنگ نے بتایا کہ پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کسٹافن نے باکسنگ ڈویلپمنٹ کلینک کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور اس پروگرام کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔