سونے سے 4 گھنٹے قبل ورزش نیند خراب کرنے کا باعث
میلبرن(نیٹ نیوز)ورزش کو صحت کے لیے بہت زیادہ مفید قرار دیا جاتا ہے مگر دن کا ایک وقت ایسا ہوتا ہے جب جسمانی سرگرمیوں سے رات کی نیند متاثر ہوسکتی ہے ۔
آسٹریلیا کی موناش یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ سونے کے وقت سے کچھ دیر قبل ورزش کرنے سے نیند کا دورانیہ اور معیار متاثر ہوسکتا ہے ۔اس تحقیق میں 14 ہزار 689 افراد کو شامل کیا گیا تھا جن کے معمولات کا جائزہ ایک سال تک لیا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ سونے سے 4 گھنٹے قبل تک ورزش کرنے سے بستر پر لیٹنے کے بعد سونے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے ، نیند کا معیار بدتر اور دورانیہ بھی گھٹ جاتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ سونے سے کچھ دیر قبل ورزش نہ کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے ۔ اگر آپ نیند کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تو بہتر ہے کہ سونے کے وقت سے کم از کم 4 گھنٹے قبل ورزش کو مکمل کرلیں یاپھر چہل قدمی یا ہلکی جاگنگ کو ترجیح دیں تاکہ نیند کم از کم متاثر ہو۔