سوئٹزرلینڈ میں دنیا کی بلند ترین تھری ڈی پرنٹڈ عمارت
لاہور(نیٹ نیوز)وسطی یورپی ملک سوئٹزرلینڈ کے الپس پہاڑی سلسلے کے دامن میں واقع ایک چھوٹا سا گاؤں میولز ہے جہاں صرف بارہ مستقل رہائشی قیام پذیر ہیں۔
اس علاقے کو دیکھ کر نہیں لگتا کہ یہ دنیا کی بلند ترین تھری ڈی پرنٹڈ بلڈنگ کی تنصیب کے لیے بہترین جگہ ہے ۔لیکن یہاں کے مقامی حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ اس منفرد تنصیب سے یہاں کی آہستہ آہستہ کم ہوتی ہوئی کمیونٹی کو دوبارہ متحرک کرنے میں مدد مل سکتی ہے ۔ٹور الووا نامی یہ 30 میٹر بلند تھری ڈی پرنٹڈ بلڈنگ ہے اور اس کا ایک ماڈیولر ڈیزائن ہے جس میں کل 32 انفرادی طور پر پرنٹ شدہ کالم ہیں جو سیمنٹ سے چپکنے کے بجائے دیوہیکل اسکرو اور اسٹیل کیبلز سے جڑے ہوئے ہیں۔ٹاور کے ٹکڑوں کو پرنٹ کرتے وقت اسٹیل کا کوئی فریم استعمال نہیں کیا گیا تھا، لیکن اس کے تخلیق کاروں کا دعویٰ ہے کہ ٹاور کی طرف سے دکھائی جانے والی تکنیکی اختراعات اسے انتہائی محفوظ اور آسان بناتی ہیں۔