دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قومی یکجہتی ناگزیر: انجمن تاجران
ٹانک حملہ دلخراش واقعہ ، سکیورٹی ادارے دشمن کو جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے سرپرست اعلیٰ و صدر انجمن تاجران سٹی خواجہ شاہد رزاق سکا، جنرل سیکرٹری شیخ سعید احمد، ڈپٹی جنرل سیکرٹری میاں ریاض شاہد، چیئرمین مرزا اشرف مغل، صدر ینگ ٹریڈرز ملک سہیل نیاز طور اور دیگر سینئر رہنماؤں نے کہا ہے کہ ٹانک میں چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے میں سکیورٹی اہلکاروں اور ایک شہری کی شہادت انتہائی افسوسناک اور دلخراش واقعہ ہے ۔ دہشت گردی کی نئی لہر کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا، جبکہ سیاسی قیادت، علمائے کرام اور تمام ریاستی اداروں کو ایک صفحے پر آنا چاہیے ۔خواجہ شاہد رزاق سکا نے اپنی اور پوری تاجر برادری کی جانب سے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی ادارے اور پوری قوم متحد ہیں اور دشمن کی ہر سازش کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔تاجر رہنماؤں نے کہا کہ وطن عزیز کی سلامتی اور بقا کے لیے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے ، جسے ہر قیمت پر یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی بیرونی یا اندرونی شرپسند کو پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments