مزدوروں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی تشویشناک :ضیا سید
حکومت نے مزدوروں کو براہِ راست ریلیف کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے مرکزی جنرل سیکرٹری یونائیٹڈ ٹریڈ یونینز کی مزدور رہنماؤں سے ملاقات،گفتگو
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)آل پاکستان فیڈریشن آف یونائیٹڈ ٹریڈ یونینز کے مرکزی جنرل سیکرٹری ضیا سید نے کہا ہے کہ سرکاری و غیر سرکاری ملازمین کو باعزت زندگی گزارنے کیلئے لیونگ ویج فراہم کی جائے ، مزدوروں کو صحت کی بنیادی سہولیات دی جائیں ، بڑھتے ٹیکسوں کے بوجھ سے نجات دلائی جائے ، حکومت کو مزدور طبقے کے مسائل کے حل کیلئے عملی اور فوری اقدامات کرنا ہوں گے ۔وہ مسیح مسلم لیبر یونین واسا فیصل آباد کی دعوت پر فیصل آباد آمد کے موقع پر مزدور رہنما ؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے اس موقع پر واسا یونین کے چودھری بنیامین سہوترا، عامر جمال، ارشاد، حسرت ضیا، ووڈ ورکنگ یونین کے ساجد شاہ اور بھٹہ خشت مزدور یونین کے محمد نوید شیخ بھی موجود تھے ۔ ضیا سید نے کہا کہ پنجاب حکومت کی موجودہ پالیسیوں میں مزدور طبقے کو براہِ راست ریلیف دینے کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے ۔ گزشتہ سال کم از کم اجرت کے نوٹیفکیشن سے 800 کیٹیگریز ختم کیے جانے سے مزدوروں کے مسائل میں اضافہ ہوا ،صفائی ستھرائی سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ ملازمین کو کئی کئی ماہ تک تنخواہیں ادا نہیں کی جاتیں جس سے ان کے معاشی مسائل میں مزید اضافہ ہو گیا،تحریری گزارشات کے باوجود متعلقہ ادارے مزدوروں کو سہولیات اور حقوق کی فراہمی کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے ،حکومت کو محنت کشوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ضیا سید نے مطالبہ کیا کہ حکومت مزدوروں کے لیے لیونگ ویج، بروقت تنخواہوں کی ادائیگی سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے جامع پالیسی مرتب کرے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments