چنیوٹ میں جدید ویٹرنری آپریشن تھیٹر کا افتتاح کر دیا گیا
مویشی پال حضرات کو جدید جراحی سہولیات مقامی سطح پر میسرآئینگی :الیاس چنیوٹی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کے منصوبے ‘‘ضلعی سطح پر جانوروں کی صحت و فلاح کے لیے ایکسرے اور سرجیکل سہولیات کی فراہمی’’ کے تحت سول ویٹرنری ہسپتال چنیوٹ میں قائم جدید آپریشن تھیٹر کا باقاعدہ افتتاح رکن صوبائی اسمبلی مولانا محمد الیاس چنیوٹی نے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک چنیوٹ ڈاکٹر عطاء سبحانی اور ڈپٹی ڈائریکٹرز لائیوسٹاک بھی موجود تھے ۔ایم پی اے مولانا محمد الیاس چنیوٹی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبے میں لائیوسٹاک کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مویشی پال فارمرز کو ان کی دہلیز پر جدید ویٹرنری سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سول ویٹرنری ہسپتال چنیوٹ میں آپریشن تھیٹر کا قیام اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے ، جس سے جانوروں کے پیچیدہ امراض، جراحی مسائل اور دیگر طبی ضروریات کے علاج میں نمایاں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ جدید آپریشن تھیٹر کے قیام سے ضلع چنیوٹ کے مویشی پال حضرات کو اپنے جانوروں کے علاج معالجے کے لیے دور دراز علاقوں میں جانے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ انہیں اپنے ضلع میں ہی معیاری اور جدید جراحی سہولیات میسر آئیں گی۔تقریب میں محکمہ لائیوسٹاک کے افسران، ویٹرنری ڈاکٹرز، پیرا ویٹس اور فارمرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments