علامہ اقبال کا فلسفہ خودی آج بھی مشعلِ راہ : ملک احمد خان
اختلافِ رائے کی بجائے مکالمے اورقومی مفاد کو سیاسی اختلافات پر ترجیح دی جائے
لاہور(سیاسی نمائندہ)قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خان نے شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال ؒکے یومِ ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ کی فکر، شاعری اور فلسفہ خودی آج بھی پاکستان کو درپیش سیاسی، معاشی اور سماجی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ اقبال کافلسفئہ خودی انسان کو اپنی صلاحیتیں پہچاننے ، کردار کی مضبوطی، خود انحصاری اور مسلسل جدوجہد کا درس دیتا ہے ۔ علامہ اقبالؒ کا پیغام محض انفرادی کامیابی تک محدود نہیں بلکہ ایک مضبوط، باوقار اور متحد قوم کی تشکیل کا راستہ بھی دکھاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد، آئین کی بالادستی، پارلیمان کی خودمختاری اور جمہوری تسلسل پاکستان کے استحکام کیلئے ناگزیر ہیں۔
حکومت اور اپوزیشن کوسیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے ۔ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے ، اسے محاذ آرائی کی بجائے مکالمے ، باہمی احترام اور جمہوری روایات کے ذریعے آگے بڑھانا چاہیے ۔ معاشی مشکلات، مہنگائی، بے روزگاری اور تعلیمی مسائل سمیت قومی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اجتماعی ذمہ داری اور مشترکہ حکمتِ عملی ضروری ہے ۔ ملک احمد خان نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ علامہ اقبالؒ کی شاعری اور فکر کا مطالعہ کرے اور علم، تحقیق، محنت ،خود اعتمادی کو اپنا شعار بنائے ۔ اقبال کا پیغام نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھنے ، بلند مقاصد کے حصول اور ملکی ترقی و استحکام کیلئے فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments