پولیو ویکسی نیشن انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ
بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنزپر پولیو ٹیموں کی مستقل موجودگی کی ہدایت مرض کے خاتمے کی کوششوں میں غفلت برداشت نہیں ،چیف سیکریٹری
کراچی (آن لائن)پولیو کے مکمل خاتمے اور ہر بچے کو موذی مرض سے محفوظ بنانے کے لیے سندھ حکومت نے داخلی و خارجی راستوں سمیت اہم ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیو ویکسی نیشن کے انتظامات مزید مؤثر اور سخت کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنوں، ٹرانسپورٹ ٹرمینلز اور دیگر اہم گزرگاہوں پر پولیو ٹیموں کی مستقل موجودگی یقینی بنائی جائے تاکہ سفر کرنے والے خاندانوں کا کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطروں سے محروم نہ رہے ۔نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کے ہر بچے کی پولیو ویکسینیشن یقینی بنائی جائے اور بالخصوص ان بچوں پر خصوصی توجہ دی جائے جو سفر کے دوران یا عارضی قیام گاہوں میں موجود ہوتے ہیں۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیو ٹیموں کی موجودگی اور کارکردگی کا خود جائزہ لیں اور مسافروں کی آمدورفت کے اوقات کے مطابق ٹیموں کی دستیابی یقینی بنائیں۔آصف حیدر شاہ نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ محکمہ صحت، ٹرانسپورٹ اور ریلوے حکام کے درمیان مؤثر رابطہ اور مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ سفر کرنے والے بچوں تک ویکسین کی رسائی ممکن بنائی جاسکے ۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عارضی قیام گاہوں اور دیگر مقامات پر موجود بچوں تک بھی پولیو ٹیمیں پہنچیں جبکہ ویکسین سے محروم بچوں کی نشاندہی کرکے انہیں پولیو کے قطرے پلائے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments