دھان کے مڈھ جلانے سے زمینی ذرخیزی متاثر ہوتی، محکمہ زراعت
سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت 10 ہزار سپر سیڈرز 60 فیصد سبسڈی پر فراہم
ملتان (وقائع نگار خصوصی) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ دھان کے کاشتکار فصل کی کٹائی کے بعد سموگ سے بچاؤ کے لئے باقیات کو ہرگز آگ نہ لگائیں بلکہ ان کی تلفی کے لئے محکمہ زراعت کی ہدایات پر عمل کریں۔ دھان کے مڈھوں کو آگ لگانے سے زمین کی بالائی سطح پر موجود نامیاتی مادہ ضائع ہوتا ہے ، جس سے زمین کی زرخیزی متاثر ہوتی ہے ۔ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت رواں سال 5.5 ارب روپے کی لاگت سے کاشتکاروں کو 10 ہزار سپر سیڈرز 60 فیصد سبسڈی پر فراہم کئے گئے ہیں، تاکہ جدید مشینری کے ذریعے فصلوں کی باقیات کو کارآمد بنایا جا سکے ۔انہوں نے بتایا کہ کاشتکار دھان کی کٹائی کے بعد مڈھوں کو آگ لگانے کے بجائے زمین میں ملا کر اس کی زرخیزی بڑھا سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لئے دستی کٹائی کی صورت میں روٹا ویٹر جبکہ مشین سے کٹائی کی صورت میں ڈسک ہیرو استعمال کرکے باقیات کو زمین میں ملایا جائے ۔ متبادل طور پر گہرا ہل چلا کر فی ایکڑ آدھی بوری یوریا کا چھٹہ دینے کے بعد پانی لگایا جائے ۔ ان طریقوں سے زمین کی زرخیزی اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ترجمان نے گندم کی کاشت کے لئے دھان کے کاشتکاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سپر سیڈر استعمال کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق دھان کے مڈھوں اور پرالی کو آگ لگانا قابلِ سزا جرم ہے ۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے اور گرفتاری کی کارروائیاں جاری ہیں۔ لہٰذا کاشتکار فصلوں کی باقیات جلانے سے گریز کریں اور ماحول کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments