وارداتوں میں اضافہ، پولیس روکنے میں ناکام

وارداتوں میں اضافہ، پولیس روکنے میں ناکام

بڑھتی وارداتوں سے شہری پھر خود کو غیر محفوظ محسوس کرنے لگے ،جرائم کی شرح میں اضافے سے پولیس کی ناقص کارکردگی اور غفلت بھی کھل کر سامنے آنے لگی

فیصل آباد (عبدالباسط سے )ہر گزرتے دن کے ساتھ ڈکیتی، چوری، راہزنی اور لوٹ مار کی دیگر وارداتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا۔ پولیس کی جانب سے پٹرولنگ، ناکہ بندی اور گشت کے باوجود بڑھتی ہوئی وارداتوں کا سلسلہ نہ روکا جا سکا۔ پولیس کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر شہریوں کو اپنا شکار بناتے ہوئے انہیں بھاری مالیت کے زیورات، نقدی، موبائل فونز، موٹر سائیکلوں، گاڑیوں اور دیگر قیمتی سامان سے محروم کرنے لگے ہیں۔ بڑھتی وارداتوں کے باعث شہری ایک بار پھر خود کو غیر محفوظ محسوس کرنے لگے ہیں، جبکہ جرائم کی شرح میں اضافے سے پولیس کی مبینہ ناقص کارکردگی اور غفلت بھی کھل کر سامنے آنے لگی ہے۔

ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں ماضی میں ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغوا، تاوان، منشیات فروشی اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جس سے نہ صرف شہری خود کو محفوظ تصور کر رہے تھے بلکہ پولیس کی کارکردگی کو بھی سراہا جا رہا تھا۔ تاہم پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر جرائم کے خاتمے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے سلسلے کو بدقسمتی سے برقرار نہ رکھا جا سکا، جس کے باعث حالیہ دنوں میں ڈکیتی، چوری، راہزنی، منشیات فروشی اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔شہر بھر میں سیف سٹی کیمروں کی تنصیب کے باوجود جرائم کی وارداتوں میں ملوث عناصر کا سراغ لگانے میں بھی مبینہ طور پر پولیس ناکام دکھائی دیتی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس حکام کی جانب سے پیٹرولنگ، ناکہ بندی اور سنیپ چیکنگ کے احکامات تو جاری کیے جاتے ہیں، لیکن ان پر عمل درآمد کرنے کے بجائے تھانوں، سرکلز اور ٹاؤنز کی سطح پر پولیس ٹیمیں مبینہ طور پر بوگس رپورٹس حکام کو ارسال کرکے ڈیوٹی میں غفلت برتتی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ماضی میں یومیہ ہونے والی وارداتوں کی تعداد تقریباً 20 رہ گئی تھی، جو اب دوبارہ بڑھ کر 70 سے بھی تجاوز کر چکی ہے ۔ شہریوں کی جانب سے پولیس حکام کو متعدد بار شکایات درج کروائے جانے کے باوجود وارداتوں کی روک تھام اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لیے کی جانے والی کارروائیاں مبینہ طور پر نہ ہونے کے برابر ہیں۔ شہریوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت اور مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ جرائم کی وارداتوں میں واضح کمی لاتے ہوئے شہریوں کی قیمتی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...