کوٹ ادو :گرین بس سروس کی تیاریاں مکمل، تین بسیں پہنچ گئیں
چارجنگ سٹیشن اور ڈپو قائم، مزید بسوں کی آمد کے بعد سروس کا آغاز متوقع
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نامہ نگار ) کوٹ ادو میں گرین بس سروس کے آغاز کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور ابتدائی طور پر تین بسیں شہر پہنچ گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست اقدامات اور پنجاب حکومت کے شہریوں کو جدید، آرام دہ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے منصوبے کے تحت گرین بس سروس کے لیے تین بسیں کوٹ ادو پہنچ چکی ہیں، جبکہ بسوں کی چارجنگ اور پارکنگ کے لیے گرین بس ڈپو بھی گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول بستی سمندری، دائرہ دین پناہ میں قائم کیا گیا ہے ۔ ڈپو میں گرین بسوں کی چارجنگ کے لیے خصوصی چارجنگ اسٹیشن اور چارجنگ پوائنٹس بھی تیار کر دیے گئے ہیں۔
اس حوالے سے میونسپل کمیٹی کوٹ ادو کے لائٹ انسپکٹر عبدالرحمن بھٹہ نے بتایا کہ گرین بس ڈپو میں بجلی کی فراہمی کے لیے ٹرانسفارمر نصب کردیا گیا ہے ، جبکہ بسوں کی چارجنگ کے لیے ضروری انتظامات بھی مکمل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر تین گرین بسیں کوٹ ادو پہنچ چکی ہیں، جبکہ مزید بسیں بھی جلد پہنچ جائیں گی، جس کے بعد گرین بس سروس کے باقاعدہ آغاز کے حوالے سے پیش رفت مزید تیز ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پنجاب حکومت کا یہ اقدام عوام کو جدید، محفوظ، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments