ویمن یونیورسٹی کا سٹوڈنٹس ویلفیئرسے تحقیقی تعاون کا معاہدہ
رضاکارانہ سرگرمیوں کے لئے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا ، مندرجات
ملتان (خصوصی رپورٹر)ویمن یونیورسٹی ملتان اور رائل سٹوڈنٹس ویلفیئر سوسائٹی کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون، نوجوانوں کی قائدانہ صلاحیتوں میں اضافے ، پیشہ ورانہ ترقی اور سماجی خدمات کے فروغ کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔ترجمان کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول اور رائل سٹوڈنٹس ویلفیئر سوسائٹی کے نمائندے نے دستخط کئے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز ڈاکٹر ملیکہ رانی اور سوسائٹی کے نمائندگان بھی موجود تھے ۔معاہدے کے تحت دونوں ادارے طالبات اور نوجوانوں کے لئے انٹرن شپ، پیشہ ورانہ رہنمائی، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، رضاکارانہ سرگرمیوں اور صلاحیتوں میں اضافے کے لئے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کریں گے ۔ اس کے علاوہ خواتین کو بااختیار بنانے ، صحت عامہ سے متعلق آگاہی، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے لئے بھی مشترکہ اقدامات کئے جائیں گے ۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے کہا کہ جامعات کی ذمہ داری صرف طلبہ کو کتابی تعلیم فراہم کرنا نہیں بلکہ انہیں عملی زندگی کے تقاضوں سے روشناس کرانا اور معاشرتی خدمت کے جذبے سے آراستہ کرنا بھی ہے ۔ تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں کے اشتراک سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے ، پیشہ ورانہ تجربہ حاصل کرنے اور معاشرے کی بہتری میں کردار ادا کرنے کے مؤثر مواقع ملتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی ملتان طالبات کو باصلاحیت، خودمختار اور سماجی ذمہ داریوں کا احساس رکھنے والی قیادت کے طور پر تیار کرنے کے لئے تعلیمی و سماجی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دے رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments