ناجائز منافع خور بے لگام ، مہنگائی نے عام شہریوں کی زندگی کو اذیت ناک بنا دیا
ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی مبینہ غفلت کی وجہ سے منافع خور سرکاری نرخ ناموں کو یکسر نظر انداز کر رہے ہیں، سرکاری لسٹیں غائب ،من مانی قیمتوں کی وصولی جاری
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد کے بازاروں میں مہنگائی بدستور عروج پر ہے سبزیوں اور پھلوں کی من مانی قیمتیں وصول کی جارہی ہیں لیکن ناجائز منافع خوروں کی بے لگامی کو کوئی روکنے والا نہیں۔مہنگائی اور ناجائز منافع خوری نے عام شہریوں کی زندگی کو اذیت ناک بنادیا ہے ، ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی مبینہ غفلت کی وجہ سے ناجائز منافع خور سرکاری نرخ ناموں کو یکسر نظر انداز کر رہے ہیں۔دکانداروں کی جانب سے سرکاری نرخ ناموں کی کھلے عام خلاف ورزی کرتے ہوئے شہر کے مختلف بازاروں میں دکاندار اپنی مرضی کی قیمتیں وصول کر رہے ہیں اور سرکاری لسٹیں غائب کر دی جاتی ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں آلو35 کے بجائے 40 سے 50روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے جبکہ پیاز 150 کے بجائے 180 روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔
اس کے علاوہ کراچی میں ٹماٹر 219 کے بجائے 250 سے 300 روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے ، بھنڈی 196 کے بجائے 250 روپے کلو فروخت ہورہی ہے ۔مٹر فی کلو 311 کے بجائے 400 روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے ، ہرے دھنیے کی فی گڈی 9 کے بجائے 20 سے 30 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔ اس کے علاوہ پودینہ کی فی گڈی 12 کے بجائے 20 سے 30 روپے میں فروخت ہورہی ہے ، اگر گوشت کی بات کی جائے تو مرغی کا گوشت 580 کے بجائے 700 روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے ۔ شہر میں کیلا 86 کے بجائے 150 روپے درجن، خربوزہ 130 کے بجائے 200 روپے کلو اور املوک 182 کے بجائے 300 روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments