9 مشکوک ادویات کیخلاف ہنگامی الرٹ جاری

  9 مشکوک ادویات کیخلاف ہنگامی الرٹ جاری

آنکھوں، دانتوں، کانوں اور جلد کے علاج میں استعمال ہونے والی مصنوعات بھی فہرست میں شامل ،شہریوں کو ادویات کے استعمال سے گریز کرنے کی ہدایتجعلی اور غیر معیاری ادویات کا استعمال مریضوں کی صحت کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتا ہے ،شہری دوائیں صرف مستند میڈیکل اسٹورز سے خریدیں ،ڈریپ

کراچی (آئی این پی )ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان((ڈریپ)نے کراچی کی مارکیٹوں میں فروخت ہونے والی 9 مشکوک، جعلی، ملاوٹ شدہ اور غیر رجسٹرڈ ادویات و طبی مصنوعات کی نشاندہی کرتے ہوئے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا، متاثرہ مصنوعات میں بچوں کے استعمال کی اشیا سمیت آنکھوں، دانتوں، کانوں اور جلد کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی مصنوعات بھی شامل ہیں۔ڈریپ کے جاری کردہ ریپڈ الرٹ کے مطابق ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری سندھ کراچی میں کیے گئے ٹیسٹوں کے دوران مذکورہ مصنوعات کے نمونے غیر معیاری، ملاوٹ شدہ، جعلی یا غیر رجسٹرڈ پائے گئے جس کے بعد شہریوں کو ان کے استعمال سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ۔الرٹ میں شامل 9 مصنوعات میں بے بی آئی اسپرے، ٹوبرامائیسین اوپتھلمک سولوشن، ٹوٹل کیئر ماتھ واش، ڈینزیکور ماتھ واش، اینٹی پلاک ماتھ واش اور ہیپی ٹوتھ کڈز ماتھ واش شامل ہیں۔

اسی طرح کان کے درد کے لیے استعمال ہونے والی بے بی کیئر ایئر کریم اور وائٹل ایئر کریم جبکہ جلد کے مسائل کے لیے تیار کردہ میجک لوشن کا بیچ نمبر 002 کو بھی مشکوک مصنوعات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ڈریپ کے مطابق ان مصنوعات پر درج مینوفیکچرنگ تفصیلات میں ایل سی کیئر فارما اور نیو ہربل کیئر کراچی کے نام سامنے آئے اور سات مصنوعات پر ایل سی کیئر فارما جبکہ بے بی کیئر ایئر کریم اور وائٹل ایئر کریم پر نیو ہربل کیئر کا نام درج ہے ۔ تاہم ان تفصیلات سے مصنوعات کے اصل ماخذ یا تیاری کی حتمی تصدیق نہیں ہوتی۔ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ جعلی اور غیر معیاری ادویات کا استعمال مریضوں کی صحت کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتا ہے ۔ ایسی مصنوعات سے نہ صرف مطلوبہ علاج متاثر ہو سکتا ہے بلکہ انفیکشن اور دیگر بیماریوں کی شدت میں اضافے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

بچوں اور آنکھوں جیسے حساس اعضا کے علاج میں استعمال ہونے والی مصنوعات کے حوالے سے خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے ۔ ڈریپ نے صوبائی ڈرگ کنٹرول حکام اور متعلقہ فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ مشکوک مصنوعات کی تیاری، ترسیل اور فروخت کی نگرانی سخت کی جائے ، ان کی نشاندہی اور ضبطی کے لییاقدامات کیے جائیں اور ڈسٹری بیوٹرز، فارمیسیز اور میڈیکل اسٹورز کے ذریعے ان کی مزید فروخت روکی جائے ۔اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ مصنوعات کا استعمال بند رکھیں،شہریوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ ادویات صرف لائسنس یافتہ فارمیسیز اور مستند میڈیکل اسٹورز سے خریدیں اور کسی بھی دوا یا طبی مصنوعات کی اصلیت مشکوک ہونے کی صورت میں ماہرین سے مشورہ کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...