مقابلوں میں ہلاک حراستی اموات تصورہوں گی: پولیس سرجن کا حکم نامہ

 مقابلوں میں ہلاک  حراستی اموات تصورہوں گی: پولیس سرجن کا حکم نامہ

لاشوں کا معائنہ ڈیڈ آن ارائیول پروٹوکول کے تحت کیا جائے گا،ان کے میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹ جاری کرنا بھی لازمی قرار لاش پر اکڑن، بعد از مرگ نیل کی کیفیت ، متوفی کے کپڑوں کی تفصیلات بھی میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹ میں درج کی جائیں گی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ہلاک ہونے والے تمام افراد کی اموات کو حراستی اموات تصور کیا جائے گا، پولیس مقابلوں میں ہلاک افراد کی لاشوں کا معائنہ ڈیڈ آن ارائیول پروٹوکول کے تحت کیا جائے گا جبکہ ان کے میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹ جاری کرنا بھی لازمی قرار دے دیا گیا ہے ۔پولیس سرجن کراچی ڈاکٹر ثمیہ سید نے اس حوالے سے مستقل دفتری حکم نامہ جاری کردیا ہے ، جس کے مطابق پولیس مقابلوں میں ہلاک ہر شخص کا کیس ضابطہ فوجداری کی دفعہ 176 کے تحت عدالتی ہدایات کے حصول کے لیے مجسٹریٹ کو بھیجا جائے گا جبکہ پوسٹ مارٹم ٹیم کی تشکیل کے لیے متعلقہ کیس پولیس سرجن کو ارسال کرنا لازمی ہوگا۔حکم نامے کے مطابق ڈیڈ آن ارائیول میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹ میں واقعے کی تفصیلات درج کرنا ضروری ہوگا، جبکہ لاش پر موجود اکڑن، بعد از مرگ پڑنے والے نیل کی کیفیت اور شدت، متوفی کے کپڑوں کی تفصیلات اور جسم پر زخموں کی مجموعی تعداد بھی درج کی جائے گی۔

دفتری حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ زخموں کی نوعیت کا تعین میڈیکو لیگل افسر نہیں کرے گا، جبکہ لاش کے ہمراہ اسپتال آنے والے پولیس افسر کے دستخط اور اس کے شناختی کوائف بھی میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹ کے لیے لازمی قرار دیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ ماضی میں کئی پولیس مقابلے مشکوک قرار دیے جاچکے ہیں جن میں ورثا نے پولیس پر رشوت وصولی کا الزام بھی عائد کیا تھا۔پیرآباد پولیس کا بنارس پل کے قریب ہونے والا ایک مقابلہ مشکوک قرار دیا گیا تھا، جہاں زخمی ہونے والے نوجوان اظہار کے ورثا کا کہنا تھا کہ وہ سپر اسٹور کا ملازم ہے اور اس کا کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں ہے ۔ اس سے قبل ایک عدالت نے 2022 میں گلستان جوہر میں جعلی پولیس مقابلے میں 26 سالہ نوجوان عامر حسین کو قتل کرنے والے مرکزی پولیس اہلکار شہریار کو سزائے موت اور دو ساتھی اہلکاروں (ناصر اور فیصل) کو عمر قید کی سزا سنائی تھی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...